جناح اسٹیڈیم میں کمشنر گوجرانوالہ کبڈی ٹورنامنٹ کا آغاز ہو گیا

بدھ 12 جون 2019 21:15

گوجرانوالہ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 جون2019ء) صحت مند اور تفریحی سر گرمیوں کے فروغ کی پالیسی کے تحت ڈویژنل سپورٹس آفیسر گو جرانوالہ سیف الر حمن کی زیر نگرانی جناح اسٹیڈیم میں کمشنر گوجرانوالہ کبڈی ٹورنامنٹ کا آغاز ہو گیا ہے افتتاحی تقریب کے مہمان خصوصی سیکرٹری پاکستان کبڈی ایسو سی ایشن رانامحمدسرور تھے۔ پنجاب کے روائیتی کھیل کبڈی کے فروغ کے سلسلہ میں کمشنر گوجرانوالہ وقاص علی محمود نے خصوصی طو رپر ڈویژنل سپورٹس آفیسر کو ہدایت کی تھی جس کے تحت گوجرانوالہ ڈویژن کے اضلاع کے مابین کبڈی ٹورنامنٹ کا انعقاد کیا جار ہا ہے۔

ڈویژنل سپورٹس آفیسر سیف الرحمن نے بتایاکہ نوجوان کھلاڑیو ں کی صلاحیتوں کو فروغ دے کر انہیں ملکی اور بین الاقوامی سطح پر اپنا نام روشن کرنے کیلئے ممکنہ وسائل اور مواقع فراہم کئے جار ہے ہیں اور کھیلوں کے فروغ اور سر پرستی کے لئے وہ خا ص طور پر کمشنر گوجرانوالہ کے مشکور ہیں۔

(جاری ہے)

کمشنر کپ کبڈی ٹورنامنٹ کے افتتاحی روز تین مقابلے منعقد ہو ئے پہلے میچ میں گوجرانوالہ کی ٹیم نے گجرات کو ہرا دیا، دوسرے میچ میں سیالکوٹ کو شکست دے کے حافظ آباد جبکہ تیسرے میچ میں منڈی بہائوالدین نارووال کے مقابلہ میں فاتح ٹھہرے۔

سیکرٹری پاکستان کبڈی ایسو سی ایشن رانا محمد سرور نے اس موقع پر اپنے خطاب میں کہاکہ کبڈی کے فروغ کیلئے ایسے مقابلو ں کا انعقا بڑا خوش آئند ہے اور انہیں پوری توقع ہے کہ ان مقابلوں میں سے ملکی سطح کے نئے کھلاڑی بھی ملیں گے افتتاحی تقریب کے موقع پر کبڈی کے شائقین کی بڑی تعداد بھی موجود تھی اور کھلاڑیوں نے اپنی صلاحیتو ں کا اظہار کر کے شائقین سے خوب داد وصول کی۔