بحیرہ عرب میں بننے والے سمندری طوفان وایو کی وجہ سے ہواؤں کا رخ تبدیل ہونے کا امکان ہے، محکمہ موسمیات

بدھ 12 جون 2019 22:16

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 جون2019ء) محکمہ موسمیات کے مطابق بحیرہ عرب میں بننے والے سمندری طوفان وایو کی وجہ سے ہواؤں کا رخ تبدیل ہونے کا امکان ہے اس دوران سمندری ہوائیں بند رہیں گی، جس کے باعث گرمی کی شدت میں اضافے کا خدشہ ہے۔محکمہ موسمیات نے کراچی میں درمیانے درجے کی ہیٹ ویو کاالرٹ جاری کردیا اور کہا کہ آئندہ تین روز کے دوران کراچی میں ہیٹ ویو جیسی صورتحال رہے گی، ہوا میں نمی کیساتھ درجہ حرارت میں بھی مزید اضافے کا امکان ہے اور درجہ حرارت چالیس ڈگری تک پہنچے گا۔

(جاری ہے)

گرمی کے باعث شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایات کی ہے۔ محکمہ موسمیات نے جاری الرٹ میں کہا ہے کہ ممکنہ وایو طوفان کی وجہ سے ایک سے دو روز بعد سندھ میں تیز رفتار ہوائیں چلنے اور تیز بارشوں کا امکان ہے۔ آج رات ٹھٹھہ، سجاول اور بدین میں تیز بارش ہو سکتی ہے۔مشرقی بحیرہ عرب میں سمندری طوفان اب خطرناک سمندری طوفان میں تبدیل ہو گیا ہے، سندھ کی ساحلی پٹی سے ایک ہزارہ کلو میٹر دور ہے اور آئندہ 12 سے 18گھنٹوں کے دوران سمندری طوفان میں مزید شدت آنے کا امکان ہے ، جس کے نتیجہ میں 80 سے 90 کلو میٹر گھنٹہ تیز رفتار ہو ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔