محمد عامر نے ورلڈ کپ کا کفایتی ترین باﺅلنگ کرڈالا

پیسر کی ٹورنامنٹ میں مجموعی وکٹوں کی تعداد 10 ہوگئی

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب بدھ 12 جون 2019 19:59

محمد عامر نے ورلڈ کپ کا کفایتی ترین باﺅلنگ کرڈالا
ٹانٹن(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔12جون2019ء) پاکستانی فاسٹ بولر محمد عامر نے آسٹریلیا کے خلاف میچ میں پانچ وکٹیں حاصل کرلیں جس کے بعد وہ ورلڈ کپ کے بہترین گیند باز بن گئے اور اب تک ورلڈ کپ میں کفایتی ترین باﺅلنگ سپیل کرنے کا اعزاز بھی اپنے نام کرلیا۔عامر کی ٹورنامنٹ میں مجموعی وکٹوں کی تعداد اب10 ہوگئی ہے اور ان کی شاندار کارکردگی کے باعث گرین شرٹس نے میچ میں واپسی کی ہے۔

ایک موقع پر ایسا لگ رہا تھا کہ آسٹریلوی ٹیم 350 کے لگ بھگ ہدف پاکستان کو دینے میں کامیاب ہوجائے گی تاہم عامر نے اختتامی اوورز میں شاندار گیند بازی کی۔عامر نے آسٹریلوی کپتان ایرون فنچ، شان مارش، عثمان خواجہ، ایلکس کیری اور مچل سٹارک کو پویلین کی راہ دکھائی،محمد عامر کے علاوہ شاہین شاہ آفریدی نے بھی دو وکٹیں حاصل کیں۔

(جاری ہے)

یہ پہلی مرتبہ ہے کہ عامر کسی ون ڈے میچ میں پانچ وکٹیں لینے میں کامیاب ہوئے،انہوں نے30رنز دیکر 5شکا ر کیے، کیوی آ ل راﺅنڈرجمی نیشم نے افغانستان کیخلاف31رنز کے عوض5وکٹیں لے رکھی ہیں،ٹرینٹ بولٹ نے بھی افغانستان کے خلاف اپنے10 اوورزمیں محض 34رنز دیئے لیکن کوئی وکٹ حاصل نہیں کرسکے،بھارت کے جسپریت بمراہ نے جنوبی افریقہ کے خلاف اپنے10اوورز میں35رنز دیکر دو شکار کیے،جنوبی افریقہ کے کرس مورس نے بھارت کے خلاف اپنے سپیل میں36رنز دیکر ایک وکٹ حاصل کی ۔