Live Updates

شعیب سڈل کو انکوائری کمیشن کا سربراہ بنائے جانے کا امکان

وزیراعظم نے گذشتہ روز انکوائری کمیشن کی تشکیل کا اعلان کیا تھا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین بدھ جون 20:48

شعیب سڈل کو انکوائری کمیشن کا سربراہ بنائے جانے کا امکان
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 12 جون 2019ء) : وزیراعظم عمران خان نے گذشتہ روز قوم سے کیے گئے خطاب میں ایک انکوائری کمیشن بنانے کا اعلان کیا تھا ۔ کچھ ذرائع کے مطابق شعیب سڈل کو اس کمیشن کا سربراہ بنائے جانے کا امکان ہے۔ ذرائع کے مطابق ماضی میں آئی جی سمیت مختلف عہدوں پر تعینات رہنے والے شعیب سڈل کو انکوائری کمیشن کا سربراہ بنانے کا قوی امکان ہے۔

شعیب سڈل کی سربراہی میں یہ انکوائری کمیشن گذشتہ دس سال میں لئے گئے قرضوں کی تحقیقات کرے گا۔شعیب سڈل اس سے قبل مختلف عہدوں پر رہ تعینات چکے ہیں اور وائٹ کالر کرائم کی تحقیقات کے بھی ماہر مانے جاتے ہیں۔کچھ دیر قبل وزیراعظم عمران خان کے زیر صدارت اعلیٰ سطح کے اجلاس میں اس انکوائری کمیشن سے متعلق امور پر غور کیا گیا، اس اجلاس میں وفاقی وزیر قانون فروغ نسیم، معاون خصوصی برائے احتساب شہزاد اکبر اور آڈیٹر جنرل اجلاس میں شریک ہوئے۔

(جاری ہے)

اس کمیشن میں انٹیلی جنس بیورو (آئی بی)، وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے)، فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر)، سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) اور انٹیلی جنس ادارے آئی ایس آئی کے نمائندے شامل ہوں گے۔ اجلاس کا اعلامیہ بھی جاری کیا گیا جس میں اس انکوائری کمیشن کے ٹی او آرز کے مسودے پر غور کیا گیا۔ حکومت نے انکوائری کمیشن، پاکستان کمیشن آف انکوائری ایکٹ 2017ء کے تحت قائم کرنے کا فیصلہ کیا ۔

انکوائری کمیشن قومی خزانہ خرچ کرنے والی تمام وزارتوں، ڈویژنوں اور متعلقہ وزیروں کی جانچ پڑتال بھی کرے گا۔ کمیشن کا کام یہ دیکھنا ہو گا کہ کہاں فنڈز کا غلط استعمال ہوا جبکہ رقم کی واپسی کے لیے بھی کام کرے گا۔ جبکہ اس بات کا بھی جائزہ لیا جائے گا کہ اس مدت میں کوئی میگا منصوبہ شروع نہ ہونے کے باوجود اتنے قرضے کیوں لیے گئے؟ یہ کمیشن 2008ء سے 2018ء تک قرضوں میں 24 ہزار ارب روپے اضافہ کیوں اور کیسے ہوا کی انکوائری کرے گا۔
وزیراعظم حاضر ہے سے متعلق تازہ ترین معلومات