Live Updates

مسلم لیگ ن میں دھڑے بندی کھل کر سامنے آگئی

مریم نواز کے ظفروال جلسے میں احسان اقبال گروپ نے شرکت نہیں کی، شرکت نہ کرنے کی وجہ اندرونی اختلافات ہیں: ذرائع

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ بدھ 12 جون 2019 21:40

مسلم لیگ ن میں دھڑے بندی کھل کر سامنے آگئی
نارووال(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 12 جون 2019ء) مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز شریف کے ظفروال میں جلسے میں ن لیگ کے اندرونی اختلافات کھل کر سامنے آگئے ہیں۔مسلم لیگ ن کے آج ظفر وال میں ہونے والے جلسے میں پارٹی میں موجود دھڑے بندی کھل کر سامنے آگئی ہے۔ ذرائع کے مطابق مریم نواز کے ظفروال جلسے میں احسان اقبال گروپ نے شرکت نہیں کی اور شرکت نہ کرنے کی وجہ اندرونی اختلافات ہیں۔

یواضح رہے کہ مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز شریف نے ظفروال میں جلسہ کیا جس میں ن لیگ کی لیڈرشپ موجود تھی تاہم احسان اقبال گروپ نے اس جلسے میں شرکت نہیں کی۔ دوسری طرف مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز شریف نے ظفروال میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ نیب کے پاس عمران خان اور پاکستان تحریکِ انصاف کے خلاف ثبوت موجود ہیں اگر نیب میں ہمت ہے تو عمران خان پر آمدن سے زائد اثاثوں کا کیس بنائے۔

(جاری ہے)

مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ بنی گالہ کا گھر این او سی کے بغیر بنایا گیا، وزیراعظم 300 کنال کے گھر میں رہتا ہے اور ٹیکس 1لاکھ روپے دیتا ہے، بنی گالہ کو کون گرائے گا؟ مریم نواز شریف نے نیب پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ نیب کو صرف نواز شریف، شاہد خاقان عباسی اور سعد رفیق نظر آتے ہیں حکومتی وزراء نہیں۔ انہوں نے کہا کہ علیمہ باجی نے جرمانہ بھی دیا لیکن عمران خان ان کا نام نہیں لیتے۔

انہوں نے سوال کیا کہ کیا نیب میں اتنی ہمت ہے کہ عمران خان پر آمدن سے زائد اثاثوں کا کیس بنائے؟ نواز شریف چاہتے تو 100این آر او جھولی میں ڈال دیے جاتے، یہ جو این آر او این آر او کرتا پھرتا ہے بہت جلد خود این آر او مانگے گا۔ مریم نواز نے ظفروال میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان بتائیں کہ انہوں نے 10ماہ میں کیا کیا؟ مریم نواز نے کہا کہ عمران خان نے 10ماہ میں صرف شکایتیں کی ہیں کام نہیں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات