اسلام آباد ہائی کورٹ کا ایف آئی اے اور پی ٹی اے کو سوشل میڈیا میں گستاخانہ مواد اپ لوڈ کرنے والے افراد کا سراغ لگانے اور بوقت ضرورت دیگر ریاستی اداروں کی خدمات حاصل کرنے کا حکم

بدھ 12 جون 2019 23:55

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 جون2019ء) اسلام آباد ہائی کورٹ نے ایف آئی اے اور پی ٹی اے کو سوشل میڈیا میں گستاخانہ مواد اپ لوڈ کرنے والے افراد کا سراغ لگانے اور بوقت ضرورت دیگر ریاستی اداروں کی خدمات حاصل کرنے کا حکم دیا ہے۔ اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن اختر کیانی پر مشتمل ڈویژن بنچ نے سوشل میڈیا سے گستاخانہ مواد ہٹانے اور مرتکب افراد کی نشاندہی کے فیصلے پر عملدرآمد کی ہدایت کی ہے۔

(جاری ہے)

شہری حافظ احتشام احمد نے سوشل میڈیا میں گستاخانہ مواد ہٹانے کیلئے اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کیا تھا۔ جس پر چیف جسٹس اطہر من اللہ نے متعلقہ حکام کو کارروائی کرنے کی ہدایات جاری کرتے ہوئے درخواست نمٹا دی تھی۔ درخواست گزار حافظ احتشام احمد نے مذکورہ فیصلے کے خلاف انٹرا کورٹ اپیل دائر کرتے ہوئے موقف اپنایا تھا کہ پی ٹی اے، ایف آئی اے اور حساس اداروں کے ذمہ داران پر مشتمل کمیشن تشکیل دیا جائے جو معاملے کی تحقیقات کر کے ذمہ داران کا تعین کرے۔ عدالت نے ایف آئی اے اور پی ٹی اے کو سوشل میڈیا میں حضور صلی اللہ علیہ وسلم کی گستاخی میں ملوث افراد کا سراغ لگانے کے لئے بوقت ضرورت دیگر وزارتوں اور ریاستی اداروں کی خدمات حاصل کرنے کی ہدایت کی ہے۔