مسلم لیگ ن کا ظفروال جلسہ ، ن لیگ کی دھڑے بندی کُھل کر سامنے آ گئی

لیگی رہنما احسن اقبال گروپ نے ظفروال جلسے میں شرکت ہی نہیں کی

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعرات 13 جون 2019 12:47

مسلم لیگ ن کا ظفروال جلسہ ، ن لیگ کی دھڑے بندی کُھل کر سامنے آ گئی
ظفروال (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 13 جون 2019ء) : مسلم لیگ ن کے اندرونی اختلافات کی خبریں تو آتی رہتی ہیں لیکن گذشتہ روز ظفروال میں مسلم لیگ ن کے جلسے میں یہ اختلافات کُھل کر سامنے آ گئے۔ تفصیلات کے مطابق گذشتہ روز مسلم لیگ ن نے ظفروال میں پاور شو کیا لیکن اس جلسے میں احسن اقبال گروپ نے شرکت نہیں کی۔ جلسے کا اہتمام لیگی رہنما دانیال عزیز کی اہلیہ اور ظفر وال میں این اے 76 سے منتخب مہناز عزیز کی جانب سے کیا گیا تھا۔

جبکہ ذرائع کے مطابق سیکرٹری جنرل مسلم لیگ ن احسن اقبال گروپ جلسے میں شریک نہیں ہوئے۔ جبکہ سابق وفاقی وزیر احسن اقبال کے صاحبزادے اور ضلع کونسل نارووال کے سابق چیئرمین، ان کے کزن ا ور رکن صوبائی اسمبلی رانا منان و دیگر بھی جلسے سے غائب رہے ۔

(جاری ہے)

احسن اقبال کے صاحبزادے اور ضلع کونسل نارووال کے سابق چیئرمین بھی جلسہ گاہ میں موجود نہیں تھے، اس حوالے سے مصدقہ ذرائع کا کہنا ہے کہ احسن اقبال گروپ اپنے حامیوں کو جلسےمیں شرکت سے بھی روکتا رہا۔

خیال رہے کہ گذشتہ ماہ بھی لندن میں بھی پارٹی اختلافات اُس وقت کُھل کر سامنے آئے جب مسلم لیگ ن کی تقریب دھڑے بندی کا شکار ہو گئی تھی۔ اس تقریب میں پارٹی کے عہدیداران آپس میں اُلجھ گئے تھے، ایک گروہ نے دوسرے گروہ کے لئے کانفرنس کے دروازے بند کر دیئے تھے۔ شدید بدنظمی اور شور کے باعث پارٹی صدر شہبازشریف تنظیم سازی کا بھی اعلان نہیں کر سکے۔

اس موقع پر ن لیگی کارکنان نے قیادت سے شکوہ کیا تھا کہ اپوزیشن میں آتے ہی آپ کو اوورسیز کارکنوں کی ضرورت پڑجاتی ہے، ورنہ اقتدار میں آپ چند افراد کے حصارمیں رہتے ہیں۔ جبکہ پاکستان میں بھی مسلم لیگ ن میں اختلافات کی کئی اطلاعات ہیں، کچھ لوگوں نے پارٹی عہدوں کی بانٹ پر بھی اعتراض اُٹھائے تھے جبکہ کچھ نے موجودہ قیادت کو ہی ماننے سے انکار کر دیا تھا۔