محکمہ لائیوسٹاک کی گائے بھینسوں کو جنسی بیماریوں سے بچانے کیلئے تشخیصی معائنہ کروانے کی ہدایت

جمعرات 13 جون 2019 14:00

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 جون2019ء) محکمہ لائیوسٹاک و ڈیری ڈویلپمنٹ نے لائیوسٹاک فارمرز کو ہدایت کی ہے کہ وہ گائے بھینسوں کو جنسی بیماریوں سے بچانے کیلئے ان کا بروقت تشخیصی معائنہ کروائیں اور ان کی نسل کشی کیلئے ماہرین لائیوسٹاک کے مشوروں پر عمل درآمد کیا جائے۔ محکمہ کے ترجمان نے کہا کہ گائے بھینسوں میں زیادہ پیداواری صلاحیت اور بہتر نسل کا تعین معیاری اوصاف کے حامل سانڈ بیل کے انتخاب سے ہوتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ محکمہ لائیو سٹاک نے مختلف مقامات پر نسل کشی کے مراکز قائم کر رکھے ہیں جہاں سے بہترین صلاحیت کے نیلی راوی، ساہیوال، چولستانی فریزین ، جرسی، دوغلی نسل کے سانڈ بیل کے معیاری ٹیکے حاصل کئے جاسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان ٹیکوں کے استعمال کے بعد ان کا خول محفوظ رکھا جائے تاکہ بچھڑے یا بچھڑی کے نسب و نسل کا درست تعین کیا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ سانڈ بیل کے انتخاب میں جسمانی صحت، ظاہری شکل و صورت ، ماں کے دودھ کی کم از کم پیداوار 27 سولیٹر فی بیانت یا اس سے زیادہ کے حساب سے کی جائے۔ نیز بھینسوں اور گائیوں کی کارکردگی اور دودھ کی پیداوار کا باقاعدہ ریکارڈ بھی رکھا جائے۔ انہوں نے بتایا کہ اس ضمن میں محکمہ کی فری ہیلپ لائن پر بھی رابطہ کیا جاسکتا ہے۔

متعلقہ عنوان :