شہنشاہ غزل مہدی حسن اپنی وفات کے 7برس بعد بھی لوگوں کے دلوں پرراج کررہے ہیں، آصف کھیتران

جمعرات 13 جون 2019 16:05

شہنشاہ غزل مہدی حسن اپنی وفات کے 7برس بعد بھی لوگوں کے دلوں پرراج کررہے ..
ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 جون2019ء) شہنشاہ غزل مہدی حسن اپنی وفات کے 7برس بعد بھی لوگوں کے دلوں پرراج کررہے ہیں۔ ا ن خیالات کا اظہارنامور براڈ کاسٹر اور ریڈیوپاکستان ملتان کے پروگرام منیجر آصف خان کھیتران نے مہدی حسن خان کی 7ویں برسی کے موقع پر اے پی پی سے بات چیت کے دوران کیا۔آصف خان کھیتران نے کہاکہ مہدی حسن خان کا تعلق موسیقی کے کلاونت گھرانے کی 16ویں نسل سے تھا۔

ان کے والد استاد عظیم خان اورچچا استاد اسماعیل خان بھی معروف گائیک تھے۔انہوں نے سر تال کے ابتدائی رموز گھر سے حاصل کیے اور پھراس فن میں بلندیوں تک پہنچے۔پاکستان آنے کے بعد انہیں شدید مالی مشکلات کاسامنا کرناپڑا۔وہ چیچہ وطنی میں سائیکل مرمت بھی کرتے تھے۔انہوںنے کار اورٹریکٹر مکینک کی حیثیت سے بھی مزدوری کی لیکن اس کے بعد ریڈیو پاکستان نے ہی انہیں سب سے پہلے 1952ء میں متعارف کروایا۔

(جاری ہے)

ریڈیو کراچی کے سٹوڈیو ز میں ان کی ٹھمری نے ملک گیر شہرت حاصل کی اور پھروہ فلموں کی کامیابی کے ضامن سمجھے جانے لگے۔ملتان آرٹس کونسل کے سابق ریذیڈنٹ ڈائریکٹر محمد علی واسطی نے کہاکہ ہم اس بات پر فخر کرتے ہیں کہ ہمارے پاس مہدی حسن خان جیسے گلوکار کے گیتوں کا ایسا سرمایہ موجودہے جو کسی اور ملک کے پاس نہیں۔وہ پاکستان کافخر تھے اور اس سے بڑ ی بات کیا ہوگی کہ لتا منگیشکر جیسی عظیم گلوکارہ نے ان کے فن کااعتراف کرتے ہوئے کہا کہ مہدی حسن کے گلے میں بھگوان بولتا ہے۔