آلو بخارا کی فصل کی برداشت میں احتیاط کی ہدایت

جمعرات 13 جون 2019 17:40

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 جون2019ء)زرعی ماہرین نے کہاہے کہ آلو بخارا کے پھل کی چنائی آخر جون تک کی جاتی ہے۔ کاشتکار آلو بخارا کی برداشت مناسب وقت پر نہایت احتیاط سے کریں کیونکہ پت جھڑ پھلوں میں یہ سب سے زیادہ نازک پھل ہے۔ پھل اچھی طرح پختہ، مخصوص خوشبو اور رنگ پکڑنے پر ہی توڑا جائے۔ برداشت کے وقت پھل نرم نہیں ہونا چاہیے۔

(جاری ہے)

اگر پھل اچھی طرح پکنے کے بعد توڑا جائے گا تو دور دراز کی منڈیوں تک پہنچانے میں دشواری ہو گی اور پھل گل سڑ جائے گا۔ اگر پھل زیادہ کچا توڑا جائے تو منڈی میں قیمت کم پائے گا۔ آلو بخارا کی برداشت کے بعداس کی پیکنگ کیلئے خصوصی توجہ کی ضرورت ہوتی ہے۔ پھل توڑنے کے بعد کریٹوں میں خشک گھاس پھوس اور اخباری کاغذ لگا کر بند کر دیا جاتا ہے اور دور دراز کی منڈیوں تک پہنچایا جاتا ہے۔ کریٹوں میں بند کرتے وقت خیال رہے کہ پھل کی زیادہ تہیں نہ ہوں ورنہ وزن سے نیچے والا پھل خراب ہو جائے گا۔