سپریم کورٹ نے مختاراں مائی کے ملزمان کی بریت پر نظر ثانی کی درخواست مسترد کر دی

اپیل میں اُٹھائے گئے نکات نظر ثانی میں نہیں لیے جا سکتے، نظرثانی میں صرف فیصلے کی غلطی کاب تایا جاتا ہے۔ عدالت

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعرات 13 جون 2019 17:57

سپریم کورٹ نے مختاراں مائی کے ملزمان کی بریت پر نظر ثانی کی درخواست ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 13 جون 2019ء) : سپریم کورٹ نے مختاراں مائی کیس کے ملزمان کی بریت پر نظر ثانی کی درخواست مسترد کر دی ۔ تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ آف پاکستان میں جسٹس گلزار کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے مختاراں مائی کیس کی سماعت کی ۔ سماعت کے دوران عدالت نے مختاراں مائی کی ملزمان کی بریت پر نظرثانی درخواست مسترد کردی۔

جسٹس گلزاراحمد نے وکیل سے مکالمے میں کہا کہ درخواست میں نکات کوکسی دوسرے کیس میں زیر غور لائیں گے، اپیل میں اُٹھائے گئےنکات نظر ثانی میں نہیں لیے جا سکتے۔ نظرثانی کی اپیل میں صرف فیصلےکی غلطی کا بتایا جاتا ہے،آپ کیس مختصر کریں ورنہ دس سال یونہی پڑا رہے گا۔ جس پر وکیل اعتزاز احسن نے جواب میں کہا کہ فیصلے میں لکھا گیا کہ مختاراں مائی پر زخم کا کوئی نشان نہیں تھا، ریکارڈ سے بتاؤں گا کہ جسم پر زخم کے نشان تھے، جُرم دور دراز کے ایک علاقے میں ہوا تھا۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ 2002ء میں پنچایت کے حکم پر مختاراں مائی کو گینگ ریپ کا نشانہ بنایا گیا تھا۔ جس کے بعد مختاراں مائی نے 14 ملزمان پر زیادتی میں ملوث ہونے کا الزام عائد کیا تھا۔ اگست 2002ء میں انسداد دہشت گردی کی عدالت نے 6 ملزمان سزائے موت سنائی تھی جبکہ دیگر 8 افراد کو بری کردیا گیا تھا۔ بعد ازاں 2005ء میں لاہور ہائی کورٹ کے ملتان بنچ نے 5 ملزمان کی نظرثانی درخواستوں پر فیصلہ سناتے ہوئے انہیں بری کردیا تھا جبکہ ایک ملزم کی سزائے موت کو عمر قید میں تبدیل کردیا گیا تھا۔

مختاراں مائی نے 5 ملزمان کی بریت کے خلاف سپریم کورٹ میں اپیلیں دائر کی تھیں۔ جس پر اپریل 2011ء میں سپریم کورٹ نے ہائی کورٹ کا فیصلہ برقرار رکھتے ہوئے اپیلیں مسترد کر دی تھیں۔ بعد ازاں مختاراں مائی نے سپریم کورٹ میں نظرثانی درخواستیں دائر کی تھیں، جس میں مؤقف اپنایا گیا تھا کہ سپریم کورٹ کی جانب سے دیا گیا فیصلہ انصاف کی بہت بڑی ناکامی تھی لہٰذا فیصلے پر نظر ثانی کی جائے۔تاہم اب عدالت نے مختاراں مائی کی ملزمان کی بریت کے فیصلے پر نظر ثانی کی اپیل بھی مسترد کر دی ہے۔