ڈینگی کے جڑ سے تدارک کے لیے مچھروں کا خاتمہ اور ان کی افزائش کو روکنا بے حد ضروری ہے،ڈاکٹر فضل الرحمن بلال

جمعرات 13 جون 2019 20:25

خانیوال ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 جون2019ء) 13جون۔ ڈپٹی کمشنر اشفاق احمد چوہدری کی ہدایت پر محکمہ صحت کے زیر اہتمام ڈینگی سے بچاؤ بارے آگاہی سیمینار اور واک کا اہتمام کیا گیا۔ ڈی ایچ او ڈاکٹر فضل ا لرحمان بلال نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ مہلک وائرس ڈینگی کے جڑ سے تدارک کے لیے مچھروں کا خاتمہ اور ان کی افزائش کو روکنا بے حد ضروری ہے۔

یہ بات انہو ں نے انسداد ڈینگی مہم کے حوالہ سے منعقدہ آگاہی سیمینار سے بطور مہمان خصوصی اپنے خطاب کے دوران کہی۔جس میں پروگرام کوارڈی نیٹر ڈاکٹر ابرار اقبال اور فوکل پرسن ڈاکٹر ہشام خالد سمیت محکمہ صحت کے افسران‘ متعلقہ سرکاری محکموں کے سربراہان‘ اور محکمہ صحت کے مرد و خواتین ملازمین کی کثیر تعداد میں شرکت کی۔

(جاری ہے)

ڈی ایچ او نے کہا کہ محکمہ صحت کے افسران اور ملازمین ڈینگی بخار سے بچاؤ اور اس کے وائرس کے تدارک کے لیے اپنی تمام تر توانائیاں صرف کردیں۔

انہوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ خطرنا ک اور مہلک وائرس ڈینگی کے حملہ سے بچاؤ کے لیے محکمہ صحت کی احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل کریں۔ پروگرام کوارڈی نیٹر ڈاکٹر ابرا راقبال نے ڈینگی مچھر‘افزائش کی روک تھام‘ ڈینگی بخار کی علامات‘تشخیص و علاج اور احتیاطی تدابیر بارے بھرپور روشنی ڈالی۔ جبکہ فوکل پرسن ڈاکٹر ہشام خالد نے کہا کہ ڈینگی بخار سے گھبرانے کی ضرورت نہیں یہ قابل علاج ہے لیکن شہری بدلتے ہوئے موسم میں اپنے اردگرد کے ماحول کو خشک اور صاف رکھیں اور پانی جمع کرنے کے برتن گھڑے‘ بالٹی‘ ٹب‘ ڈرم اور ٹینکی کو ڈھانپ کر رکھیں اور روم کولر میں پانی کھڑا نہ رہنے دیں‘ گٹروں کے ڈھکن اچھی طرح بند کردیں اور گھر و ں میں ناکارہ سامان کی تلفی سمیت چھتوں پودوں کی کیاریوں اور گملو ں میں پانی جمع نہ ہونے دیں‘ بعد ازاں ڈی ایچ او ڈاکٹر فضل الرحمن بلال کی قیادت میں ڈینگی آگاہی واک بھی منعقد ہوئی۔