سپریم کورٹ ، عدالتی فیصلے پر عملدرآمد سے متعلق کیس میں دیامر بھاشاڈیم فنڈ کی 10.6 ارب روپے کی رقم نیلامی کیلئے نیشنل بنک کے حوالے کرنے کاحکم

رقم ہرصورت آج نیشنل بینک کوجاری کی جائے تاخیرکی صورت میں سٹیٹ بینک کوجرمانہ ادا کرنا ہوگا،سپریم کورٹ

جمعرات 13 جون 2019 20:55

سپریم کورٹ ، عدالتی فیصلے پر عملدرآمد سے متعلق کیس میں دیامر بھاشاڈیم ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 جون2019ء) سپریم کورٹ نے دیامر بھاشا ڈیم کے عدالتی فیصلے پر عملدرآمد سے متعلق کیس میںڈیم فنڈ کی 10.6 ارب روپے کی رقم نیلامی کیلئے نیشنل بنک کے حوالے کرنے کاحکم جاری کرتے ہوئے واضح کیاہے کہ رقم ہرصورت میںآج نیشنل بینک کوجاری کی جائے تاخیرکی صورت میں سٹیٹ بینک کوجرمانہ ادا کرنا ہوگا، جمعرات کوجسٹس عظمت سعید کی سربراہی میں پانچ رکنی لارجر بنچ نے کیس کی سماعت کی، اس موقع پر بینک الفلاح کے وکیل نے پیش ہوکرعدالت کوآگاہ کیاکہ بنک الفلاح ڈیم فنڈ کی رقم جمع کرانے پر 12.69 فیصد منافع دینے کیلئے تیار ہے، جس پرجسٹس عمر عطا بندیال نے کہا کہ عدالت کو صرف سرکاری بنک کا بتایاجائے، جس پرنیشنل نے سات دن کے لیے 12.60 فیصد شرح سود دینے کی حامی بھر تے ہوئے عدالت کوبتایاکہ یہ انٹرسٹ ریٹ 20 جون تک کے لیے ہے، سماعت کے دوران بنچ کے سربراہ نے کہاکہ ڈیم فنڈ کی رقم کی نیلامی میں جو ریٹ آئے گا اس پر تین ماہ کے لیے ٹی بلز ہوں گے،تاہم ہماری مجبوری ہے کہ ہم 12.6 فیصد شرح سود پر یہ پیسہ پانچ سے سات دن تک دے سکتے ہیں جسٹس اعجازالاحسن نے کہاکہ سپریم کورٹ نیلامی کے عمل میں حصہ نہیں لے گی، جس پرنیشنل بینک کے نمائندے نے کہاکہ نیلامی کے لیے صارف کا ہونا ضروری ہے لیکن اس کا یہ مطلب ہرگز نہیں کہ آپ وہاں بولی لگائیں،فاضل جج نے ان سے کہاکہ ہم سٹیٹ بینک کو ہدایات جاری کر دیں گے، بعدازاں عدالت نے آج جمعہ کوہرصورت میںنیشنل بنک کو پیسے جاری کر نے کاحکم جاری کرتے ہوئے کہاکہ تاخیر کی صورت میں جرمانہ سٹیٹ بنک ادا کرے گا،عدالت اس حوالے سے فوری حکم جاری کرے گی بعدازاں مزید سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کردی گئی�

(جاری ہے)