گوگل کے بعد فیس بک کا بھی ’ہواوے‘ کو زوردار جھٹکا

فیس بک انتظامیہ کا اپنی ایپس ہواوے میں انسٹال نہ کرنے کا فیصلہ

جمعرات 13 جون 2019 21:22

گوگل کے بعد فیس بک کا بھی ’ہواوے‘ کو زوردار جھٹکا
کیلیفورنیا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 جون2019ء) گوگل کی جانب سے ہواوے کیساتھ کاروبار معطل کرنے کے بعد فیس بک نے بھی اپنی ایپس ہواوے میں آئندہ سے انسٹال نہ کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔غیر ملکی خبر رساں ادار ے کے مطابق گوگل کے بعد امریکی کمپنی ’’فیس بک ‘‘نے بھی ایک قدم آگے بڑھتے ہوئے ’ہواوے ‘کو اپنی سروسز دینے سے انکار کرتے ہوئے مستقبل میں اپنی تمام ایپس کو ہواوے موبائل میں انسٹال کرنے پر پابندی عائد کر دی ہے۔

خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ’’فیس بک ‘‘اپنی ملکیت میں شامل سوشل میڈیا سائٹس انسٹاگرام اور واٹس ایپ کی سہولیات ہواوے کو فراہم نہیں کرے گا البتہ ایسے صارفین جو ہواوے فون استعمال کررہے ہیں وہ فیس بک اور اس کی دیگر ایپس بغیر کسی تعطل کے استعمال کرتے رہیں گے۔

(جاری ہے)

فیس بک نے ہواوے صارفین کو یہ یقین دہانی کرائی ہے کہ مستقبل میں ہونے والی تمام اپیس کی اپ ڈیٹس باقاعدہ سے جاری رکھی جائیں گی۔

دوسری جانب ہواوے کمپنی نے فیس بک کے اس اقدام پر کوئی ردعمل نہیں دیا۔واضح رہے کہ امریکا اور چین میں جاری تجارتی کشیدگی نیا رخٴْ اختیار کرچکی ہے، امریکی صدرکی جانب سے چینی موبائل کمپنی ہواوے کو بلیک لسٹ کیے جانے کے بعد دونوں ممالک کی ٹیکنالوجی کمپنیوں نے ایک دوسرے سے کاروباری معاہدے ختم کررکھے ہیں۔