اے این ایف نی21ملک گیر کاروائیوں کے دوران 3176 کلو گرام منشیات برآمد کر لیں

ؑمنشیات کی اسمگلنگ میں ملوث 5 خواتین سمیت19ملزمان گرفتارجبکہ 10گاڑیاںتحویل میں لے لیں گئیں برآمد شدہ منشیات کی بین الاقوامی مالیت2ارب 26 کروڑ روپے ہے

جمعرات 13 جون 2019 22:17

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 جون2019ء) اینٹی نارکوٹکس فورس پاکستان نے 21ملک گیر کاروائیوں کے دوران2ارب 26کروڑ روپے سے زائد بین الاقوامی مالیت کی3176 کلو گرام منشیات برآمد کر لیں جبکہ منشیات اسمگلنگ میں ملوث 5 خواتین سمیت 19ملزمان کوحراست میں لے لیا اور10گاڑیاںبھی تحویل میں لے لیں۔ برآمد شدہ منشیات میں 2654.45کلو گرام چرس،17.2 کلو گرام ہیروئن، 8.15 کلو گرام میتھ ایمفیٹامائن(آئس)، 5.9 کلو گرام افیون ، 1.63 کلو گرام ایمفیٹامائن (آئس)، 486 کلو گرام لیکوور اور 23710 عدد زیناکس گولیاں شامل ہیں۔

اے این ایف کوئٹہ نے خفیہ اطلاعات پر مبنی دو الگ الگ کاروائیوں کے دوران مجموعی طور پر 2521 کلو گرام منشیات برآمد کر لی۔تفصیلات کے مطابق، اے این ایف کوئٹہ نے خفیہ اطلاع پر مبنی کاروائی کے دوران تحصیل و ضلع قلعہ عبداللہ کے غیر آباد علاقے کلی مچھکائی میں واقع ایک برساتی نالے میں چھپائی گئی 1421 کلو گرام چرس برآمد کر لی۔

(جاری ہے)

ابتدائی اطلاعات کے مطابق مذکورہ منشیات کسی دیگر گروہ کے حوالے کرنے کی غرض سے چھپائی گئی تھی۔

دوسری کاروائی کے دوران اے این ایف کوئٹہ نے تربت پنجگور روڈ سے ایک لاوارث ہینو ٹرک کو قبضے میں لیکر اس سے 1100 کلو گرام چرس برآمد کر لی۔ اطلاعات کے مطابق منشیات کسی دیگر گروہ کے حوالے کرنے کی غرض سے منتقل کی جا رہی تھی۔ اے این ایف راولپنڈی نے ترکئی ٹول پلازہ، جہلم کے قریب ٹانک کے رہائشی محمد یعقوب اور اس کی خاتون ساتھی نور بی بی نامی دو ملزمان کے قبضے سے 3 کلو گرام ہیروئن برآمد کر کے دونوں ملزمان کو گرفتار کر لیا۔

دوسری کاروائی کے دوران اے این ایف راولپنڈی نے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے بذریعہ پرواز نمبر PA-272 جدہ جانے والے پشاور کے رہائشی شاہزیب نامی مسافر کے سامان کی تلاشی کے دوران اس کے سوٹ کیس میں چھپائی گئی 1.630 کلو گرام ایمفیٹامائن (آئس) برآمد کر کے ملزم کو گرفتار کر لیا۔تیسری کاروائی کے دوران اے این ایف راولپنڈی نے چونگی نمبر 26 بس سٹاپ ، اسلام آباد کے قریب پشاور کی رہائشی خاتون آسیہ بی بی کے قبضے سے 2 کلو گرام ہیروئن برآمد کر کے ملزمہ کو گرفتار کر لیا۔

چوتھی کاروائی کے دوران اے این ایف راولپنڈی نے چونگی نمبر 26 بس سٹاپ، اسلام آباد کے قریب چارسدہ کی رہائشی عافیہ نامی خاتون کے قبضے سے 2.4 کلو گرام چرس برآمد کر کے ملزمہ کو گرفتار کر لیا۔پانچویں کاروائی کے دوران اے این ایف راولپنڈ ی نے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر سوات کے رہائشی عمر واحد اور خان باچا نامی دو مسافروں کے سامان کی تلاشی کے دوران ان کے بیگوں سے مجموعی طور پر 20800 عددزیناکس گولیاں(2.85 کلو گرام وزنی) برآمد کر کے دونوں ملزمان کو گرفتار کر لیا۔

ملزمان پرواز نمبر SV727کے دریعے جدہ روانہ ہو رہے تھے۔چھٹی کاروائی کے دوران اے این ایف راولپنڈی نے ترکئی ٹول پلازہ، جہلم کے قریب توحید اللہ اور ہمایوں خان نامی دو ملزمان کے ذاتی قبضے سے 2 کلو گرام چرس برآمد کر کے دونوں ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ساتویں کاروائی کے دوران اے این ایف راولپنڈی نے قطبال ٹول پلازہ، اٹک کے قریب ایک سوزوکی مہران کار کو روک کرگاڑی میں سوار اٹک کے رہائشی سعادت علی نامی ملزم کے قبضے سے 4 کلو گرام چرس برآمد کر کے ملزم کو گرفتار کر لیا۔

اے این ایف لاہور نے موٹروے ٹول پلازہ، سرگودھا کے قریب فیصل آباد کی رہائشی رخسانہ اشرف اور چندہ نامی دو خواتین کے قبضے سے 2.4 کلو گرام افیون برآمد کر کے دونوں کو گرفتار کر لیا۔دوسری کاروائی کے دوران اے این ایف لاہور نے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ، لاہور سے بذریعہ پرواز نمبر EY0242 ابو ظہبی جانے والے وہاڑی کے رہائشی محمد یاسین نامی مسافر کے سامان کی تلاشی کے دوران اس کے بیگ میں چھپائی گئی 7.1 کلو گرام میتھ ایمفیٹامائن (آئس) برآمد کر کے ملزم کو گرفتار کر لیا۔

تیسری کاروائی کے دوران اے این ایف لاہور نے سیالکوٹ انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے سرگودھا کے رہائشی شیرباز نامی مسافر کو تحویل میں لیکر دوران تلاشی اس کے بیگ میں انتہائی مہارت سے چھپائی گئی 1.050 کلو گرام میتھ ایمفیٹامائن (آئس) برآمد کر کے ملزم کو گرفتار کر لیا۔ملزم پرواز نمبر EK-2911 کے ذریعے سعودی عرب کیلئے روانہ ہو رہا آ*تھا۔ اے این ایف پشاور نے پشاور انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے بذریعہ پرواز نمبر EK-637دمام(براستہ دبئی) جانے والے صوابی کے رہائشی عرب علی نامی مسافر کے بیگ میں موجود بوتلوں میں چھپائی گئی 2910عدد زیناکس گولیاں برآمد کر کے ملزم کو گرفتار کر لیا۔

دوسری کاروائی کے دوران اے این ایف پشاور نے پشاور انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر چاسدہ کے رہائشی ارسلان خان نامی مسافر کے سامان کی تلاشی کے دوران اس کے بیگ میں بنائے گئے خفیہ خانوں میں چھپائی گئی 2 کلو گرام ہیروئن برآمد کر کے ملزم کو گرفتار کر لیا۔ملزم پرواز نمبر SV-799 سے ریاض کیلئے روانہ ہو رہا تھا۔تیسری کاروائی کے دوران اے این ایف پشاور نے شاہ کس کے نواحی علاقے میں کاروائی کے دوران ایک ویران گھر پر چھاپہ مار کر وہاں کھڑی سوزوکی مہران اور آلٹو میں کی سیٹوں اور ڈگی میں چھپائی گئی 10.2 کلو گرام ہیروئن اور 3.5 کلو گرام افیون برآمد کر لی۔

چوتھی کاروائی کے دوران اے این ایف پشاور نے پشاور انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے بذریعہ پرواز نمبر PK-285 دوحہ جانے والے خیبر ایجنسی کے رہائشی خواجہ میر نامی ملزم کے سامان کی تلاشی کے دوران اس کے بریف کیس سے 2.45 کلو گرام چرس برآمد کر کے ملزم کو گرفتار کر لیا۔پانچویں کاروائی کے دوران اے این ایف پشاور نے ایف سی (نارتھ) کے تعاون سے باڑہ روڈ سے سوزوکی مہران اور سوزوکی کلٹس کو تحویل میں لیکر دوران تلاشی بالترتیب 20 کلو گرام چرس اور 40 کلو گرام چرس برآمد کر لی۔

چھٹی کاروائی کے دوران اے این ایف پشاور نے ایف سی (نارتھ) کے تعاون سے جمرود کے نواحی علاقے میں واقع ایک گھر سے سوزوکی کیری اور ٹیوٹا سٹیٹ کار کو تحویل میں لیکر دونوں گاڑیوں سے مجموعی طور پر 460 کلو گرام لیکوور برآمد کر لیا۔ساتویں کاروائی کے دوران اے این ایف پشاور نے ایف سی (نارتھ) کے تعاون سے شین قمر چیک پوسٹ کے قریب سوزوکی مارگلہ اور سوزوکی آلٹو کار کو تحویل میں لیکر دونوں گاڑیوں سے بالترتیب 25 کلو گرام چرس اور 35 کلو گرام چرس برآمد کر لی۔

اے این ایف کراچی نے ناظم آباد نمبر 2 ، کراچی میں واقع توبہ مسجد کے قریب صغیر احمد نامی ملزم کے قبضے سے 1.6 کلو گرام چرس برآمد کر کے ملزم کو گرفتار کر لیا۔دوسری کاروائی کے دوران اے این ایف کراچی نے کراچی کے رہائشی اکبر علی نامی ملزم کے قبضے سے 1 کلو گرام چرس برآمد کر کے ملزم کو گرفتار کر لیا۔ملزم کو ناظم آباد نمبر 2، کراچی میں واقع جاوید کلینک کے قریب سے گرفتار کیا گیا۔ تمام مقدمات اے این ایف کے متعلقہ تھانوں میں درج کر لئے گئے ہیں اور مزید تفتیش جاری ہے۔