Live Updates

کیا مظلوموں کو انصاف دئیے بغیر پاکستان ریاست مدینہ بن سکے گا: چوہدری فیاض احمد وڑائچ

جب مظلوموں کو انصاف نہیں ملتا پھر مایوسی اور تشدد جنم لیتا ہے ق* شہدائے ماڈل ٹائون کے ورثاء کو انصاف دینا عدلیہ اورحکومت کی اولین ذمہ داری ہے

جمعرات 13 جون 2019 22:34

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 جون2019ء) پاکستان عوامی تحریک جنوبی پنجاب کے صدر چوہدری فیاض احمد وڑائچ نے پاکستان عوامی تحریک جنوبی پنجاب کے عہدیداران سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ سانحہ ماڈل ٹائون پاکستان کی تاریخ کا ایک بد ترین سانحہ ہے، جس میں حکومتی ایما پر ریاستی ادارے پولیس نے 14 بے گناہوں کو قتل اور درجنوں کو ریاستی اسلحہ سے شدید زخمی کیا مگر 5سال گزر جانے کے بعد بھی انصاف دینا \دور کی بات شہداء کے ورثاء کو غیر جانبدار تفتیش کا آئینی حق بھی نہیں دیا گیا۔

شہدائے ماڈل ٹائون کے ورثاء کو انصاف دینا موجودہ حکومت اور عدلیہ کی اولین ذمہ داری ہے۔کیا مظلوموں کو انصاف دئیے بغیر پاکستان ریاست مدینہ بن سکے گا تنزیلہ امجد شہید کی بیٹی بسمہ امجد انسداد دہشتگردی عدالت لاہور سے لے کر سپریم کورٹ تک انصاف مانگ رہی ہے مگر اسکی داد رسی نہیں ہو رہی۔

(جاری ہے)

17 جون کو ہم شہدائے ماڈل ٹائون کی 5ویں برسی منانے جا رہے ہیں انصاف نہ ہونے کی وجہ سے کارکنان اور شہداء کے ورثاء میں شدید اضطراب ہے ،ملکی تاریخ کا یہ واحد سانحہ ہے جس کے انصاف کا مطالبہ ہر چھوٹی بڑی سیاسی جماعت اور سول سوسائٹی نے کیا آخر کیا وجہ ہے کہ قاتل گرفت سے بچے ہوئے ہیں سپریم کورٹ کے لارجر بنچ کے روبرو سانحہ کی جے آئی ٹی قائم ہوئی مگر فیصلہ ریورس ہو گیا اور اس اہم ترین اپیل کو سنا بھی نہیں جا رہا ،کیا ماڈل ٹائون کیس کی غیر جانبدار تفتیش اس لئے نہیں ہونے دی جا رہی کہ اس میں با اثر ترین افراد براہ راست ملوث ہیں سانحہ ماڈل ٹائون کے منصوبہ ساز نواز شریف،شہباز شریف،رانا ثناء اللہ،حمزہ شہباز اور انکے حواری ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جب مظلوموں کو انصاف نہیں ملتا تو پھر مایوسی اور تشدد جنم لیتا ہے۔مظلوموں کو انصاف دیا جائے،شہدائے ماڈل ٹائون کے ورثا سانحہ کا صرف انصاف چاہتے ہیں جو ذمہ دار ہیں انہیں سزا دی جائے،یہ کوئی گمنام سانحہ نہیں ہے قاتلوں کے چہرے بھی سب کے سامنے ہیں اور مظلوموں کے بھی،قتل عام کی یہ واردات پوری دنیا نے دیکھی۔اس موقع پر میجر محمد اقبال چغتائی،سردار ریاض خان علیانی،مہر شعبان ورک،ملک بشیر ایڈووکیٹ،چوہدری اقبال یوسف،قاضی محمد کاشف،نشاط باجوہ ایڈووکیٹ اور دیگر موجود تھے۔
Live وزیراعظم شہباز شریف سے متعلق تازہ ترین معلومات