نواز شریف سے خاندان کے افراداور پارٹی رہنمائوںکی ملاقاتیں ،ذاتی معالج نے طبی معائنہ بھی کیا

رہنمائوں نے ملک کی مجموعی صورتحال پر تبادلہ خیال ،آئندہ کے حوالے سے رہنمائی بھی حاصل کی‘ ذرائع نواز شریف مہنگائی کی سونامی کی لہر سے متاثر ہونے والی عوام کیلئے انتہائی دکھی ہیں‘ رہنمائوں کی گفتگو

جمعرات جون 23:27

نواز شریف سے خاندان کے افراداور پارٹی رہنمائوںکی ملاقاتیں ،ذاتی معالج ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 جون2019ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد و سابق وزیراعظم محمد نواز شریف سے کوٹ لکھپت جیل میں خاندان کے افراداور پارٹی رہنمائوںنے ملاقاتیں کیں ، پارٹی رہنمائوں نے نواز شریف سے ملک کی مجموعی صورتحال پر تبادلہ خیال اور آئندہ کے حوالے سے رہنمائی بھی حاصل کی ، نواز شریف نے رہنمائوں سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی بجٹ میں نئے ٹیکسز لگانے اور مہنگائی کی لہر پر اپنی شدید تشویش کا اظہار کیا ۔

تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے قائد محمد نواز شریف سے ان کی والدہ بیگم شمیم اختر، بھائی شہباز شریف ،بیٹی مریم نواز،داماد کیپٹن (ر) محمد صفدر، عباس شریف کے صاحبزادوں سمیت دیگر عزیز و اقارب نے ملاقات کر کے ان کی صحت بارے آگاہی حاصل کی ۔

(جاری ہے)

پارٹی رہنمائوں شاہد خاقان عباسی، احسن اقبال، خواجہ آصف، پرویز رشید، مریم اورنگزیب، رانا ثنااللہ، نہال ہاشمی، طلال چوہدری سمیت دیگر رہنمائوں اور متحرک کارکنوں نے بھی نواز شریف سے ملاقات کی ۔

اس موقع پر ملک کی مجموعی صورتحال ، حالیہ بجٹ ، اپوزیشن جماعتوں کی مجوزہ اے پی سی سمیت ملک کی مجموعی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔پارٹی رہنمائوں نے نواز شریف سے مستقبل کے حوالے سے رہنمائی بھی حاصل کی ۔ملاقات کرنے والے رہنمائوں اور کارکنوں کے مطابق نواز شریف کے حوصلے بلند ہیں ،نواز شریف نے بجٹ میں نئے ٹیکسز لگانے اور بجٹ کے باعث آنے والی مہنگائی کی سونامی کی لہر پر تشویش کا اظہار کیا ہے اور وہ متاثر ہونے والی عوام کیلئے انتہائی دکھی ہیں۔

ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان نے بھی جیل میں نواز شریف سے ملاقات کر کے ان کا طبی معائنہ کیا ۔ گزشتہ روز بھی مسلم لیگ (ن) کے کارکن اپنی قیادت سے اظہار یکجہتی کیلئے کوٹ لکھپت جیل کے باہر پہنچے ۔شریف خاندان کے افراد کی آمد پر کارکنوں کی جانب سے گاڑیوں پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں۔