شہید پولیس اہلکاروں کے اہل خانہ کوشہداء پیکیج کے تحت گھر اور پلاٹ بھی دیئے جائیں گے،

لواحقین کو شہید اہلکار کی ریٹائرمنٹ کی مدت ملازمت مکمل ہونے تک پوری تنخواہ بھی ملتی رہے گی ، شہید اہلکار کی بیوہ، بیٹے یا بیٹی کو سرکاری ملازمت بھی دی جائے گی،وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار

جمعرات 13 جون 2019 23:44

شہید پولیس اہلکاروں کے اہل خانہ کوشہداء پیکیج کے تحت گھر اور پلاٹ بھی ..
لاہور۔13 جون(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 جون2019ء) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے داتا دربار کے باہر دھماکے میں شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں کے اہل خانہ نے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ آفس میں ہونے والی ملاقات میں شہید ہیڈ کانسٹیبل شاہد نذیر،شہید ہیڈکانسٹیبل محمد سہیل، شہید کانسٹیبل محمد صدام حسین اور شہید کانسٹیبل محمد سلیم کے والدین،بیوائیں اور بچے شامل تھے۔

وزیراعلیٰ نے شہید پولیس اہلکاروں کے اہل خانہ کو ایک ایک کروڑ روپے کی مالی امداد کے چیک دیئے اورشہداء کے بچوں کے ساتھ شفقت کا اظہار کیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شہید پولیس اہلکاروں کے اہل خانہ کوشہداء پیکیج کے تحت گھر اور پلاٹ بھی دیئے جائیں گے۔

(جاری ہے)

لواحقین کو شہید اہلکار کی ریٹائرمنٹ کی مدت ملازمت مکمل ہونے تک پوری تنخواہ بھی ملتی رہے گی جبکہ شہید اہلکار کی بیوہ، بیٹے یا بیٹی کو سرکاری ملازمت بھی دی جائے گی۔

شہداء کے اہل خانہ ان کی ریٹائرمنٹ تک سرکاری گھر میں رہ سکیں گے اور شہداء کے بچوں کو فری تعلیم اور صحت کی سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔ وزیراعلیٰ نے شہید پولیس اہلکاروں کی عظیم قربانی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا اور کہا کہ شہید پولیس اہلکار وں نے اپنی قیمتی جانیں وطن پر قربان کی ہیں، ان کے اہل خانہ کیلئے جو کچھ ممکن ہو سکا کریں گے۔

شہداء نے ملک کے امن کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ دیا ہے اور شہید ہمیشہ زندہ رہتے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب پولیس نے ہمیشہ فرنٹ لائن پر آ کر بہادری اور جرات کی تاریخ رقم کی ہے۔ شہداء کی فیملیز میرا اپنا خاندان ہے اور پنجاب حکومت آپ کے ساتھ ہے۔ آپ کے خاندان کی ہرممکن دیکھ بھال کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ شہید پولیس اہلکارقوم کے ہیرو ہیں اور قوم کو بہادرسپوتوں کی عظیم قربانیوں پر فخر ہے۔

فرض کی ادائیگی میں جانوں کا نذرانہ دینے والے بہادر سپوتوں کی قربانیاں رنگ لائیں گی اورقوم شہید پولیس اہلکاروں کی عظیم اورلازوال قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرپائے گی۔شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں کی عظیم قربانی کو سلام پیش کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری تمام تر ہمدردیاں شہداء کے لواحقین کے ساتھ ہیں۔شہداء کے اہل خانہ کو تنہا نہیں چھوڑیں گے اور ان کا ہر طرح سے خیال رکھا جائے گا۔

وزیراعلیٰ نے شہداء کے اہل خانہ کے حوصلے اور عزم کو سراہا اور کہا کہ حکومت آپ کے ساتھ کھڑی ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب پولیس کو ہر طرح کی سپورٹ فراہم کریں گے اور ایسے واقعات میں شہید ہونے والے سویلین کے اہل خانہ کیلئے بھی امدادی پیکیج کا اعلان بجٹ میں کیا جا رہا ہے۔انسپکٹرجنرل پولیس پنجاب عارف نواز نے کہا کہ شہداء پولیس ہمارے ماتھے کا جھومر ہیں اوران کے خاندانوں کی دیکھ بھال ہماری ذمہ دا ری ہے،جو احسن طریقے سے ادا کریں گے۔

شہید اہلکاروں کی قربانیوں کے باعث پنجاب پولیس کے افسروں اورجوانوں کے حوصلے بلند ہوئے ہیں اورپنجاب پولیس آئندہ بھی وطن کے امن کی خاطر اس طرح کی قربانیوں سے دریغ نہیں کرے گی۔ وزیراعلیٰ آفس میں ہونے والی ملاقات میں صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ، انسپکٹر جنرل پولیس، سیکرٹری اطلاعات، سی سی پی او لاہور اور متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔