شاداب خان کو بھارت کے خلاف میچ میں ہر صورت پلیئنگ الیون میں شامل کیا جائے، بھارت خطرناک حریف، فتح کیلئے کھلاڑیوں کو صلاحیتوں سے بڑھ کر کارکردگی دکھانا ہو گی، وقار یونس

جمعرات 13 جون 2019 21:35

ٹائونٹن ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 جون2019ء) سابق پاکستانی ٹیم کے کپتان اور کوچ وقار یونس نے کہا ہے کہ شاداب خان ٹیم کے اہم رکن ہیں، آسٹریلیا کے خلاف میچ میں انہیں ڈراپ کرنا حیران تھا لیکن روایتی حریف بھارت کے خلاف میچ میں انہیں ہر صورت میں پلیئنگ الیون میں شامل کیا جانا چاہیے، کینگروز کے ہاتھوں شکست کے بعد بھارت کے خلاف میچ آسان نہیں ہو گا، فتح کیلئے کھلاڑیوں کو صلاحیتوں سے بڑھ کر کارکردگی دکھانا ہو گی۔

پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں ورلڈ کپ میں 16 جون کو مدمقابل ہوں گی۔ وقار یونس نے اپنے بیان میں کہا کہ آسٹریلیا کے خلاف میچ میں شاداب خان کو ڈراپ کرنا حیران کن تھا، شاداب اسپیشلسٹ سپنر ہیں اور بھارت کے خلاف میچ میں شعیب ملک کو ڈراپ کر کے انہیں واپس پلیئنگ الیون میں شامل کیا جانا چاہیے، گرین شرٹس کو روایتی حریف کے خلاف 4 فاسٹ بائولرز اور ایک سپنر کے ساتھ میدان میں اترنا چاہیے، محمد عامر کی بائولنگ قابل ستائش ہے لیکن بدقسمتی سے دوسری طرف کوئی بائولر ان کو سپورٹ نہیں کر رہا، اس بات میں کوئی شک نہیں کہ وہ میچ ونر بائولر ہیں، بھارت کے خلاف میچ میں بھی ان سے بہت توقعات وابستہ ہیں، امید ہے کہ وہ چیمپئنز ٹرافی فائنل میچ کی طرح اس بار بھی روایتی حریف کے خلاف میچ میں عمدہ بائولنگ کا مظاہرہ کر کے ٹیم کو فتح دلانے میں کلیدی کردار ادا کریں گے۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا ہے کہ ٹائٹل کی دوڑ میں شامل رہنے کیلئے گرین شرٹس کو اے پلس پرفارمنس کا مظاہرہ کرنا ہو گا، اوپنرز کو چاہیے کہ وہ پہلے 10 اوورز میں محتاط انداز سے بیٹنگ کریں اور اپنی وکٹیں بچا کر رکھیں۔

متعلقہ عنوان :