Live Updates

احتساب کے نام پر سیاسی کھیل کھیلنے والوں کا احتساب میں خود کروں گا

انصاف کا قتل کرنے والوں سے میں انصاف کی توقع نہیں رکھتا،مولانا فضل الرحمٰن

Sajjad Qadir سجاد قادر جمعہ 14 جون 2019 06:35

احتساب کے نام پر سیاسی کھیل کھیلنے والوں کا احتساب میں خود کروں گا
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 14 جون2019ء)   احتساب کی ہوا روز بہ روز تیز ہوتی جا رہی ہے اور ایک کے بعد ایک سیاستدان کے گرد نیب شکنجے کستا چلا جا رہا ہے۔نواز شریف کے بعد حمزہ شہباز اور آصف علی زرداری بھی نیب کے ہاتھوں گرفتار ہو چکے ہیں۔ان کے علاوہ بھی کئی سینئر راہنما نیب کے نشانے پر ہیں۔مگر سب سے زیادہ پریشان جمعیت علما ئے اسلام (ف)کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نظر آتے ہیں کہ انہیں بھی نیب نے نوٹس بھجوا دیا ہے۔

مولانا صاحب تو پی ٹی آئی حکومت گرانے کے لیے اپوزیشن جماعتوں کا لانگ مارچ کرنے کا منصوبہ بنا چکے تھے مگر اس سے پہلے کہ مزاحمتی تحریک زور پکڑتی نیب نے اپوزیشن کوپکڑنے کا کام شروع کر دیا۔نیب کے بھجوائے گئے نوٹس پر مولانا فضل الرحمٰن نے شدید تنقید کی۔

(جاری ہے)

جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن کا کہنا ہے کہ وہ احتساب کے نام پر سیاسی کھیل کھیلنے والوں کا احتساب خود کریں گے۔

نیب سے متعلق صحافی کے سوال کے جواب میں مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ نیب ہزار ریفرنس کرے، مجھے کوئی پرواہ نہیں ہے، میں ریفرنسز کے سامنے نہیں جھکوں گا، میں ان کے ریفرنس کی دھجیاں بکھیر دوں گا۔انہوں نے کہا کہ یہ ہوتے کون ہیں کہ ملک میں کوئی شرافت کی سیاست کرے تو اسے سیاست نہ کرنے دیں۔مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ انصاف کا قتل کرنے والے سے میں انصاف کی توقع نہیں رکھتا، میں انہیں انصاف کے ادارے تسلیم نہیں کرتا۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ انتقامی سیاست کی بات کرنے والے ہیں، اگر انہوں نے ایسی جرات کی تو میں ان کے سامنے ان کی فائلوں کو پھینک دوں گا، ایسی سیاست میں نے اپنے باپ، دادا سے سیکھی ہے اور نہ خود کبھی ایسا کیا ہے۔ ہمیں جمعیت علمائے ہند کی تربیت ہے، ہم نے آزادی کی جنگ لڑی ہے، ہمیں پھر غلام بنانا چاہتے ہیں، ان کا کہنا تھا کہ ہم پاکستان میں کسی ادارے کے غلام ہیں نہ ہم امریکا اور مغرب کی سیاست کے غلام ہیں۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات