Live Updates

فردوس عاشق اعوان نے وزیراعظم کی ایڈوائزر بننے کی خواہش ظاہر کر دی

فردوس عاشق اعوان فی الوقت وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات کی حیثیت سے کام کر رہی ہیں

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعہ 14 جون 2019 11:07

فردوس عاشق اعوان نے وزیراعظم کی ایڈوائزر بننے کی خواہش ظاہر کر دی
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 14 جون 2019ء) : وزیراعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے وزیراعظم عمران خان کی ایڈوائزر بننے کی خواہش ظاہر کر دی ہے۔ تفصیلات کے مطابق فردوس عاشق اعوان نے گذشتہ کابینہ اجلاس میں وزیراعظم عمران خان سے اس خواہش کا اظہار کیا کہ انہیں ایڈوائزر بنا دیا جائے۔ فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ بحیثیت معاون خصوصی قومی اسمبلی میں جا کر بات نہیں کر سکتی۔

بطور ایڈوائزر قومی اسمبلی میں جا کر مخالفین کو جواب دے سکوں گی۔ فردوس عاشق اعوان نے تجویز پیش کی کہ ارباب شہزاد کو مشیر کی جگہ معاون خصوصی بنا دیں۔ اور مجھے معاون خصوصی کی جگہ ایڈوائزر لگا دیں۔ اس سارے معاملے میں وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی نعیم الحق نے بھی فردوس عاشق اعوان کی حمایت کر دی۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق اس سارے معاملے کی اطلاع جب وزیراعظم عمران خان کے مشیر ارباب شہزاد تک پہنچی تو اُنہوں نے اعتراض کیا اور کہا کہ اگر مجھے معاون خصوصی لگایا گیا تو میں معاون خصوصی بننے کی بجائے گھر جانے کو ترجیح دوں گا۔

یاد رہے کہ رواں برس اپریل کے مہینے میں وزیراعظم عمران خان نے اپنی کابینہ میں کچھ بڑی تبدیلیاں کی تھیں۔ اسد عمر کی جگہ حفیظ شیخ کو خزانے کی ذمہ داری دینے کے بعد وزیراعظم عمران خان نے مزید وزرا کے قلمدان بھی تبدیل کردئے تھے۔ فواد چودھری، غلام سرور خان، بریگیڈئیر ریٹائرڈ اعجاز شاہ اور شہریار آفریدی کی وزارتیں تبدیل کر دی گئیں ۔ اعظم سواتی دوبارہ کابینہ میں شامل ہو گئے ۔ انہیں پارلیمانی امور کی وزارت دے دی گئی ۔ جبکہ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کو معاون خصوصی برائے اطلاعات مقرر کر دیا گیا تھا۔ تاہم اب فردوس عاشق اعوان نے مشیر بننے کی خواہش ظاہر کر دی ہے اور اس ضمن میں نعیم الحق بھی ان کی حمایت کر رہے ہیں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات