وقار یونس کا بھارت کیخلاف میچ کیلئے شعیب ملک کو ڈراپ کرنے کا مشورہ

پاکستان کو 4 پیسرز اور ایک سپنر کے ساتھ میدان میں اترنا چاہیے: سابق کوچ

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعہ 14 جون 2019 11:45

وقار یونس کا بھارت کیخلاف میچ کیلئے شعیب ملک کو ڈراپ کرنے کا مشورہ
مانچسٹر(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔14جون2019ء) وقار یونس نے شعیب ملک کو ڈراپ کرنے کا مشورہ دیدیا جب کہ سابق کپتان و کوچ کا کہنا ہے کہ روایتی حریف بھارت کے خلاف میچ میں پاکستان کو 4 پیسرز اور لیگ سپنر شاداب خان کے ساتھ میدان میں اترنا چاہیے۔آئی سی سی کیلیے اپنے کالم میں وقار یونس نے کہا کہ بھارت کے خلاف میچ میں گرین شرٹس کو اپنی بہترین صلاحیتوں کا استعمال کرنا ہوگا۔

وقار یونس کا کہنا تھا کہ میرے خیال میں پاکستان کو 4 پیسرز اور ایک سپنر کے ساتھ میدان میں اترنا چاہیے، اس کے لیے شعیب ملک کو ڈراپ کیا جا سکتا ہے، بیٹسمین کوشش کریں کہ ایسے سٹروکس نہ کھیلیں کہ گیند سیدھی فیلڈرز کے ہاتھوں میں جائے۔ وقار یونس کا مزید کہنا ہے کہ اگر پاکستانی ٹیم روایتی حریف بھارت کو ہرا کر تاریخ بدلنے کی خواہاں ہے تو اسے غیر معمولی کھیل کا مظاہرہ کرنا ہوگا جو اس کے ایونٹ میں قائم رہنے کیلئے بھی نہایت ضروری ہے۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ ابتدائی وکٹیں جلد حاصل نہ کی جائیں تو مشکلات کھڑی ہوتی ہیں لہٰذا نئی گیند سے ابتدائی دس اوورز بہت زیادہ اہمیت رکھتے ہیں۔سابق فاسٹ باﺅلر کا کہنا تھا کہ آسٹریلیا کیخلاف قومی ٹیم بیٹنگ اور باﺅلنگ میں مات کھا گئی جبکہ کپتان سرفراز احمد نے زیادہ سمجھداری نہیں دکھائی۔