ملک میں گندم کی سالانہ طلب 25.8 ملین ٹن، 27.9 ملین ٹن ذخیرہ موجود

جمعہ 14 جون 2019 12:52

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 جون2019ء) ملک میں گندم کا ذخیرہ 27.9 ملین ٹن موجود ہے جبکہ گندم کی سالانہ ملکی طلب 25.8 ملین ٹن ہے۔ اس طرح ملکی ضروریات سے 2.1ملین ٹن گندم دستیاب ہے۔ وزارت نیشنل فوڈ سیکورٹی اینڈ ریسرچ( ایم این ایس اینڈ آر) کے اعدادو شمار کے مطابق ربیع سیزن 2018-19ء کے دوران بارشوں اور ژالہ باری کے باعث دوسری فصلوں کے ساتھ ساتھ گندم کی فصل بھی بری طرح متاثر ہونے سے گندم کی پیداوار میں 1.28 ملین ٹن کی کمی واقع ہوئی ہے۔

(جاری ہے)

رپورٹ کے مطابق سیزن کے دوران ملک میں گندم کی 24.12 ملین ٹن پیداوار حاصل ہوئی ہے جبکہ پیداواری ہدف کا تخمینہ 25.5 ملین ٹن لگایا گیا تھا۔ ربیع سیزن 2018-19ء کے دوران ملک میں 8.833 ملین ہیکڑ رقبہ پر گندم کاشت کی گئی تھی۔ اعدادو شمار کے مطابق رواں سال گندم کی پیداوار 24.12 ملین ٹن رہی ہے جبکہ گزشتہ سال کا بچ جانے والا گندم کا 3.7 ملین ٹن کا ذخیرہ بھی موجود تھا۔ جس کو شامل کرنے سے پاکستان میں گندم کا مجموعی ذخیرہ 27.9 ملین ٹن موجود ہے جو ملک کی سالانہ گندم کی طلب سے 2.1ملین ٹن زاہد ہے۔ اس طرح ملک میں گندم کا وافر سٹاک موجود ہونے کے باعث کسی قسم کی قلت کا کوئی امکان موجود نہیں ہے۔

متعلقہ عنوان :