سورج مکھی کی فصل کٹائی کیلئے تیار ہو گئی ،کاشتکار کٹائی کے دوران احتیاطی تدابیر پر عملدرآمد یقینی بنائیں،ماہرین شعبہ تیلدار اجناس

جمعہ 14 جون 2019 13:48

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 جون2019ء) سورج مکھی کی فصل کٹائی کیلئے پک کرتیار ہو گئی ہے لہٰذا کاشتکار اس فصل کی بڑھوتری کے تمام مراحل مکمل ہونے پر کٹائی کے دوران احتیاطی تدابیر پر عملدرآمد یقینی بنائیں۔ شعبہ تیلدار اجناس کے ماہرین زراعت نے بتایاکہ سورج مکھی 120 سے 130دنوں میں تیار ہونے والی ایک حساس فصل ہے ۔انہوں نے کہا کہ کاشتکار سورج مکھی کی برداشت کا عمل بڑی محنت اور احتیاط سے کریں کیونکہ اس عمل میں کسی قسم کی کوتاہی پیداوار کو بری طرح متاثر کرسکتی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ جب سورج مکھی کے پھول کی پشت کا رنگ سبز سے سنہری ہوجائے، پھولوں کی پتیاں جلد خشک اور سبز پتیاں بھوری ہوجائیں تو فصل کے پھولوں کو درانتی سے کاٹ لیں اور دو تین دن تک زمین سے ایک فٹ اونچے بنائے گئے چبوتروں پر پھیلا دیں اوراس کے بعد تھریشر سے گہائی کریں۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ اگر فصل تھوڑی ہوتو پھولوں کی کٹائی کے بعد ان کو خشک کرکے ڈنڈوں سے کوٹ کر دانے علیحدہ کرلیںاور سورج مکھی کے دانوں کو دھوپ میں اچھی طرح خشک کرلیں ۔

انہوںنے کہاکہ زیادہ رقبوں پر کاشتہ فصل کی برداشت کیلئے کمبائن ہارویسٹر کااستعمال کیاجائے اور اگر فصل قبل ازوقت برداشت کرلیں تو دانے پچک جاتے ہیں ،ان کے وزن میں کمی آجاتی ہے اور کوالٹی بری طرح متاثر ہوتی ہے۔اسی طرح اگر فصل پکنے کے بعد بروقت برداشت نہ کی جائے تو فصل کے گرنے اور پرندوں کے کھانے کی وجہ سے نقصان کا احتمال ہوتا ہے۔

علاوہ ازیں دیر تک کھڑی فصل میں بارش ہونے کی صورت میں سورج مکھی کے بیجوں کو پھپھوندی لگنے کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔انہوںنے کہاکہ کاشتکار بہترین قیمت حاصل کرنے یا سٹوروں میں ذخیرہ کرنے کیلئے اس میں نمی کی مقدار آٹھ فیصد اور کچرہ دو فیصد سے زیادہ نہ ہونے دیں نیزجب دانہ دبانے سے ٹوٹنے لگے تواس وقت اس میں نمی کی مقدار آٹھ فیصد کے قریب ہوتی ہے اس لیے بیج کو اچھی طرح صاف کرکے نئے باردانہ میں ڈال کر فروخت یا ذخیرہ کیاجائے ۔

متعلقہ عنوان :