چیئرمین پیمرا نے نان کمرشل سیٹلائٹ ٹیلی ویژن چینل کا لائسنس اوپن یونیورسٹی کو دیدیا

جمعہ 14 جون 2019 18:00

چیئرمین پیمرا نے نان کمرشل سیٹلائٹ ٹیلی ویژن چینل کا لائسنس اوپن یونیورسٹی ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 جون2019ء) چیئرمین پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) محمد سلیم بیگ نے نان کمرشل سیٹلائٹ ٹیلی ویژن چینل کا لائسنس علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کو دیدیا۔ اس حوالہ سے جمعہ کو ایک تقریب کا انعقاد ہوا جس میں علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے رجسٹرار ڈاکٹر محمد ضیغم قدیر نے لائسنسنگ کی دستاویزات پر دستخط کئے جبکہ پیمرا کی جانب سے ڈائریکٹر جنرل وکیل خان نے نمائندگی کی۔

بعدازاں دستاویزات علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کی ڈائریکٹر انسٹیٹوٹ برائے ایجوکیشن ٹیکنالوجی شبنم ارشاد کے حوالہ کئے گئے۔ ٹی وی چینل نان کمرشل بنیادوں خصوصی طور پر صرف تعلیمی مقاصد کیلئے استعمال کیا جائے گا۔ علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی ملک بھر کا پہلا تعلیمی ادارہ بن گیا ہے جس کے اپنے ٹی وی چینلز کا لائسنس جس کا مقصد تعلیم کا فروغ ہے۔

(جاری ہے)

چیئرمین پیمرا نے ٹی وی چینل لانچ کرنے کے اقدامات پر علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کی تعریف کی کہ اس کے ذریعے عام آدمی تک رسائی ممکن ہو سکے گی اور یہ خصوصی طور پر تعلیم اور عوامی مفاد کے دیگر سماجی معاملات پر کام کرے گا۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ضیاء القیوم نے لائسنس دیئے جانے پر پیمرا کا شکریہ ادا کیا اور انہوں نے کہا کہ یہ علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کی جانب سے اکیڈمک سپورٹ کیلئے ایک اہم پیشرفت ہے، ملٹی میڈیا سپورٹ کے ذریعے 1.4 ملین طلباء فوائد حاصل کریں گے۔

آئی ای ٹی کی ڈائریکٹر نے کہا کہ چینل پیمرا کی قواعد و ضوابط کے مطابق ایک سال کے عرصہ کے اندر لانچ کر دیا جائے گا۔ سیٹلائٹ بینڈ وتھ پاک سیٹ سے حاصل کی جائے گی جبکہ اپ لنک اور سٹوڈیو کے آلات متعلقہ قوانین کے مطابق حاصل کئے جائیں گے۔ ٹی وی چینل کی لانچنگ یونیورسٹی کی ان مسلسل کاوشوں کا حصہ ہے جس کے ذریعے فاصلاتی نظام میں معیاری تعلیم کے فروغ میں ملک بھر قائدانہ کردار ادا کیا جا رہا ہے۔