گومل یونیورسٹی میں جلد ہی مختلف قسم کے نئے پودے لگائے جائیں گے،سیکرٹری فارسٹ سید نذر حسین شاہ

جمعہ 14 جون 2019 17:28

ڈیرہ اسماعیل خان ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 جون2019ء) گومل یونیورسٹی میںجلد ہی مختلف قسم کے نئے پودے اورباقی ماندہ زمین پردرخت لگائے جائیں گے جوگومل یونیورسٹی کے مالی خسارے کو کم کرنے میں اہم کردارا دا کرینگے۔ان خیالات کا اظہار سیکرٹری فارسٹ صوبہ خیبرپختونخوا سید نذر حسین شاہ نے گومل یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سرور چوہدری سے ان کے دفتر میں ملاقات میں کیا۔

اس موقع پر گومل یونیورسٹی کے رجسٹرا ر الحاج دلنواز خان،نیازعلی چیف کنزرویٹو فارسٹ ڈیپارٹمنٹ او ر ڈائریکٹر شعبہ فاصلاتی نظام گومل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر محمد صدیق بھی موجود تھے۔سید نذر حسین شاہ نے مزید کہا کہ گومل یونیورسٹی میں پہلے بھی مختلف قسم کے پودے لگائے ہیں اور آئندہ اس میں مختلف قسم کے پودے اور درخت لگائیںگے جوگومل یونیورسٹی کے مالی خسارے کو دور کرنے میں مدد دیں گے اور ان نئے لگانے والے درختوں سے گومل یونیورسٹی کی آمدن کا تخمینہ تقریباًایک ارب سے ڈیڑھ ارب روپے ہوگا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر سیکرٹری فارسٹ سید نذر حسین شاہ نے سیکرٹری فارسٹ کے کنزرویٹو اور چیف کنزرویٹو کے ساتھ یونیورسٹی میں لگائے گئے ملین ٹری سونامی کے درختوں ، بوٹینیکل گارڈن ، آم، جامن اورلیموں کے باغوںکا معائنہ کیا اور پودوں کی ترقی پر اطمینان کااظہار کیا۔ انہوں نے مختلف درختوں میں شہد کی مکھیوں کے چھتوں پر بھی خوشی کااظہار کیا۔ سیکرٹری فارسٹ نے یونیورسٹی انتظامیہ کے ساتھ پچھلے دنوں جنگلات میں10'15کنال میں آگ لگنے والی جگہ کا بھی معائنہ کیا۔

جس سے درختوں کا بڑا نقصان واقعہ نہیں ہوا۔ انہوں نے یونیورسٹی کے سیکیورٹی سٹاف کی تعریف کی جنہوں نے آگ بجھانے میں اہم کردار ادا کیا۔سیکرٹری فارسٹ سید نذر حسین شاہ نے گزشتہ دنوں بوٹینیکل گارڈن، فروٹ اور جنگلات کادورہ کیا۔سیکرٹری فارسٹ نے وائس چانسلر گومل یونیورسٹی کو باقی ماندہ زمینوں پر جنگلات لگانے اورمختلف قسم کے نئے پودے لگانے کی وعدہ کیا۔