سندھ کا 12کھرب 17 ارب کا بجٹ پیش کردیا گیا

بجٹ کا خسارہ60ارب روپے ہے‘ترقیاتی بجٹ میں 15 ارب کی کٹوتی

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعہ 14 جون 2019 18:42

سندھ کا 12کھرب 17 ارب کا بجٹ پیش کردیا گیا
کراچی(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔14 جون۔2019ء) سندھ کا مالی سال 20-2019کا بجٹ اجلاس جاری ہے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے 12کھرب 17 ارب کا بجٹ پیش کر دیا ہے بجٹ کا خسارہ 60ارب روپے ہے. سندھ کے ترقیاتی بجٹ میں رواں مالی سال کے مقابلے میں 15 ارب کی کٹوتی کردی گئی آئندہ مالی سال کا ترقیاتی بجٹ 208 ارب کا ہوگا‘بجٹ میں ضلعی ترقیاتی منصوبوں کیلئے20 ارب روپے رکھنے کی تجویزہے ،ترقیاتی بجٹ میں بین الاقوامی امداد سے 51 ارب اور وفاقی حکومت کے 4.37 ارب خرچ ہوں گے.

پانی اور نکاسی آب کیلئے سب سے زیادہ 35.90 ارب روپے مختص کرنے کی تجویز ہے. بجٹ دستاویز کے مطابق سندھ میں شاہراہوں کی تعمیر و مرمت کیلئے26.86 ارب رکھنے کی تجویز ہے ،سندھ میں تعلیم پر ترقیاتی رقم 25.7 ارب کے اخراجات ہوں گے غربت کے خاتمے کیلئے12.3 ارب مختص کئے گئے ہیں. آبپاشی اسکیموں کیلئے22 ارب رکھے گئے۔

(جاری ہے)

تھر کول منصوبے کیلئے5 ارب بجٹ میں رکھا گیا ،سندھ میں ٹرانسپورٹ کے منصوبوں کیلئے5.2ارب روپے رکھنے کی تجویز ہے.

بجٹ دستاویز کے مطابق زراعت پر 8.4 ارب روپے ، صحت کے لئے آئندہ مالی سال 13.50 ارب ، لائیو اسٹاک ،فشریز پر 2 ارب اور فاریسٹ کیلئےایک ارب روپے رکھے گئے ہیں. آئندہ مالی سال کے بجٹ میں ہائیرایجوکیشن کیلئے3 ارب روپے مختص کرنے کی تجویز ہے. سید مراد علی شاہ جو کہ وزیراعلیٰ کے ساتھ وزیر خزانہ کے منصب کے بھی حامل ہیں ، صوبائی بجٹ پیش کررہے ہیں، بجٹ میں صوبائی ترقیاتی پروگرام کے لیے 2 کھرب 60ارب روپے مختص کیے جانے کا امکان ہے جبکہ کراچی کے لیے ستر ارب کا خصوصی پیکج ہے.

سندھ میں صوبائی ترقیاتی پروگرام کے لیے 280 ارب روپے، تعلیم کے لیے 205 ارب، صحت کے لیے 110 ارب، امن وامان کے لیے 105 ارب روپے سے زائد مختص کرنے کی تجویز ہے. بجٹ میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن میں 15 فیصد اضافے سمیت سندھ کسان کارڈ متعارف کرانے کی تجویز بھی دی گئی ہے. حکومت سندھ آئندہ مالی سال کے بجٹ میں کراچی کی نئی اسکیموں کے لیے ایک ارب 70 کروڑ روپے اور جاری منصوبوں کے لیے 5 ارب روپے مختص کر رہی ہے.

ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ آئندہ سال کوئی نیا میگا پروجیکٹ شروع نہیں کیا جائے گا، ایک ارب 70 کروڑ میں 25 کروڑ روپے آئی آئی چندریگر روڈ کی تزئین وآرئش کے لیے مختص کئے جائیں گے. جاری منصوبوں میں 5ارب روپے شہید ملت روڈ پر دو انڈر پاس، کورنگی میں ڈھائی نمبر اور پانچ نمبر پر فلائی اوور ، جام صادق برج تا فیوچر موڑ ،آٹھ ہزار روڈ کی بحالی اور لی مارکیٹ کے اطراف سڑکوں کی تعمیر پر خرچ ہو ں گے.