کراچی کے عوام کے لئے وفاقی حکومت نے کے الیکٹرک کو مزید 150 میگاواٹ بجلی فراہمی کی منظوری دے رکھی ہے، ترجمان پاور ڈویژن

جمعہ 14 جون 2019 18:49

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 جون2019ء) ترجمان پاور ڈویژن نے کہا ہے کہ کراچی کے عوام کے لئے وفاقی حکومت نے کے الیکٹرک کو مزید 150 میگاواٹ بجلی فراہمی کی منظوری دے رکھی ہے تاہم ان کا مطلوبہ ترسیلی نظام نہ ہونے کی وجہ سے ابھی تک فراہمی ممکن نہ ہو سکی جس کو جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایات جاری کر دی گئیں ہیں۔ یاد رہے کے الیکٹرک ایک پرائیویٹ کمپنی ہے۔

(جاری ہے)

جمعہ کو جاری اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ سوئی سدرن گیس کمپنی (ایس ایس جی سی) کے الیکٹرک کی 190 ایم ایم سی ایف ڈی ضرورت کے مقابلے زیادہ مقدار 210 ایم ایم سی ایف ڈی گیس فراہم کر رہا ہے۔ تمام پاور سٹیشن پر 41 سے 59 پی اے جی آئی کا پریشر جبکہ بن قاسم پر 104 پی ایس آئی جی کا پریشر ہے، کم پریشر کا دعویٰ غلط اور ریکارڈ شدہ اعداد و شمار کے منافی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کے الیکٹرک کو اپنے صارفین کے لئے موجودہ تقسیم کار نظام میں بہتری لانی چاہیے۔