گرفتاریوں کے موسم میں ایک اور بڑی گرفتاری کا امکان

آصف زرداری اور فریال تالپور کے بعد مراد علی شاہ کو بھی جلد گرفتار کیا جائے گا

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان جمعہ 14 جون 2019 18:46

گرفتاریوں کے موسم میں ایک اور بڑی گرفتاری کا امکان
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 14 جون 2019ء) معروف صحافی سعید قاضی کا کہنا ہے کہ آنے والے دنوں میں عین ممکن ہے مراد علی شاہ بھی گرفتار ہو جائیں گے۔تفصیلات کے مطابق گرفتاریوں کے موسم میں ایک اور بڑی گرفتاری کا امکان کا ظاہر کیا جا رہا ہے۔حالیہ دنوں میں پاکستان میں ہائی پروفائل گرفتاریاں ہوئیں۔ آصف زرداری کو کچھ روز قبل گرفتار کیا گیا جب کہ آج فریال تالپور کو بھی اسلام آباد سے گرفتار کیا گیا،۔

واضح رہے عدالت نے جعلی اکاؤنٹس کیس میں سابق صدر آصف زرداری کی بہن فریال تالپور کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیے ہیں۔جس کے بعد مراد علی شاہ کو گرفتار کرنے کا بھی امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔جب کہ قائد حزب اختلاف سندھ اسمبلی فردوس شمیم نقوی نے کہا ہے کہ سندھ میں جلد 3 بڑی گرفتاریاں ہونے والی ہیں، یہ الہامی کیفیت نہیں بلکہ نوشتہ دیوار ہے، چور ہو یا چورنی احتساب سب کا ہونا چاہیے۔

(جاری ہے)

جبکہ دوسری جانب وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ ممکنہ گرفتاری سے بچنے کے لیے اپنے تمام ذرائع استعمال کر رہے ہیں۔ سید مراد علی شاہ پر الزام عائد ہے کہ انہوں نے تصدیق کیے بغیر سیاسی دباؤ میں آ کر سندھ حکومت کے خزانے سے اربوں روپے کی رقم شوگر ملز کو سبسڈی میں دی اور ان شوگر ملز کو بھی سبسڈی دی جن کی کوئی مشینری ہی نہیں تھی۔ یہی نہیں ان پر ایک اور الزام یہ بھی عائد ہے کہ انہوں نے محکمہ خزانہ سے دیگر محکموں کو جاری کی جانے والی رقوم سے ملنے والی کمیشن کی رقم کہاں خرچ کی اس کا بھی کوئی ریکارڈ موجود نہیں ہے کہ آخر کار متعلقہ رقم کہاں خرچ کی گئی ۔

ذرائع کے مطابق مراد علی شاہ پر ضلع ملیر میں زمین ضیاء الدین اسپتال کے نام کرنے کا بھی الزام ہے جس کی نیب تحقیقات کر رہی ہے اور تحقیقات کے دوران نیب میں پیش بھی ہو چکے ہیں ۔یاد رہے کہ گذشتہ روز نیب نے سابق صدر آصف علی زرداری کو زرداری ہاؤس سے حراست میں لیا گیا تھا جس کے بعد انہیں نیب ہیڈکوارٹرز راولپنڈی منتقل کیا گیا۔ سابق صدر کو آج سخت سکیورٹی میں نیب کورٹ لایا جائے گا جہاں ان کے ریمانڈ کی استدعا کی جائے گی۔