وقار یونس کا بھارت کیخلاف میچ کیلئے شعیب ملک کو ڈراپ کرنے کا مشورہ

پاکستان کو 4 پیسرز اور ایک سپنر کے ساتھ میدان میں اترنا چاہیی: سابق کوچ

جمعہ 14 جون 2019 20:24

وقار یونس کا بھارت کیخلاف میچ کیلئے شعیب ملک کو ڈراپ کرنے کا مشورہ
مانچسٹر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 14 جون2019ء) قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وقار یونس نے میگا ایونٹ کرکٹ ورلڈ کپ میں بھارت کے خلاف میچ میں بہترین نتائج کیلئے شعیب ملک کو ڈراپ کرنے کا مشورہ دے دیا ہے ۔جمعہ کو ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ روایتی حریف بھارت کیخلاف میچ میں پاکستان کو 4 پیسرز اور لیگ سپنر شاداب خان کیساتھ میدان میں اترنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کیخلاف میچ میں گرین شرٹس کو اپنی بہترین صلاحیتوں کا استعمال کرنا ہوگا،میرے خیال میں پاکستان کو 4 پیسرز اور ایک سپنر کیساتھ میدان میں اترنا چاہیے، اس کے لیے شعیب ملک کو ڈراپ کیا جا سکتا ہے، بیٹسمین کوشش کریں کہ ایسے سٹروکس نہ کھیلیں کہ گیند سیدھی فیلڈرز کے ہاتھوں میں جائے۔ وقار یونس کا مزید کہنا ہے کہ اگر پاکستانی ٹیم روایتی حریف بھارت کو ہرا کر تاریخ بدلنے کی خواہاں ہے تو اسے غیر معمولی کھیل کا مظاہرہ کرنا ہوگا جو اس کے ایونٹ میں قائم رہنے کیلئے بھی نہایت ضروری ہے۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ ابتدائی وکٹیں جلد حاصل نہ کی جائیں تو مشکلات کھڑی ہوتی ہیں لہٰذا نئی گیند سے ابتدائی دس اوورز بہت زیادہ اہمیت رکھتے ہیں۔سابق فاسٹ باؤلر کا کہنا تھا کہ آسٹریلیا کیخلاف قومی ٹیم بیٹنگ اور باؤلنگ میں مات کھا گئی جبکہ کپتان سرفراز احمد نے زیادہ سمجھداری نہیں دکھائی۔