Live Updates

عمران خان اللہ رب العزت سے بھی اور پوری قوم سے اپنی اس غلطی پر اعلانیہ معافی مانگیں ،عالمی مجلس تحفظ ختم

جمعہ 14 جون 2019 22:40

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 14 جون2019ء) عالمی مجلس تحفظ ختم کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات مولانا عزیز الرحمن ثانی، مبلغ لاہور مولانا عبدالنعیم، قاری جمیل الرحمن اختر، مولانا علیم الدین شاکر، مولانا سید ضیا ء الحسن شاہ، مولانا عبدالعزیز ، مولانا عبدالشکورحقانی ،مولانا محبوب الحسن طاہر،مولانا ظہیراحمدقمر ، مولانا مسعود احمد بہاولپوری، قاری محمداقبال، مولانا عبدالشکور یوسف نے خطبات جمعہ میں وزیراعظم عمران خان کی طرف سے غزوہ بدر وغزوہ احد کے بارے میں گستاخانہ بیان پر احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان اللہ رب العزت سے بھی اور پوری قوم سے اپنی اس غلطی پر اعلانیہ معافی مانگیں اور آئندہ کے لیے دانستہ نادانستہ ایسی کسی غلطی کے نہ دوہرانے کا عزم کریں۔

علماء نے کہا کہ جب سے موجودہ حکومت نے اقتدار سنبھالا اہلیان پاکستان کے سکھ چین اور سکون داؤپر لگا ہوا ہے آئے روز معاشرتی، معاشی اور نظریاتی اقدار کو مختلف طریقوں سے تختہ مشق بنایا جارہا ہے جس میں ختم نبوت اور تحفظ ناموس رسالت سرفہرست ہیں اسی سلسلہ کی ایک کڑی گزشتہ روز کا بیان ہے جسمیں اصحاب رسول ﷺ اور جانثاران پیغمبر کا تذکرہ توہین آمیز لہجے میں کیا گیا اس سے اہل اسلام کو شدید تکلیف پہنچی ۔

(جاری ہے)

عمران خان صحابہ کرام کے بارے میں گستاخانہ اور غیر محتاط گفتگو پر اللہ رب العزت اور پوری قوم سے اعلانیہ معافی مانگیںذمہ دار مناصب پر فائز لوگوں کو مذہبی معاملات میں ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا چاہیے عمران خان کی غیر محتاط گفتگو سے کروڑوں مسلمانوں کی دل آزاری ہوئی ۔علماء نے کہا عمران خان کا بیان اسلامی تعلیمات اور تاریخی حقائق کے سراسر منافی ہے جس کی وجہ سے کروڑوں مسلمانوں کی دل آزاری ہوئی۔ انہوں نے کہا ذمہ دار مناصب پر فائز لوگوں کوغیر ذمہ دارانہ طرز عمل اور بیانات سے گریز کرنا چاہیے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات