نیب لاہور نے صوبائی وزیر جنگلات،جنگلی حیات و ماہی پروری محمد سبطین خان کو کرپشن کے الزام میں گرفتار کر لیا

ہفتہ 15 جون 2019 10:25

لاہور۔14 جون(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 جون2019ء) نیب لاہور نے صوبائی وزیر جنگلات،جنگلی حیات و ماہی پروری محمد سبطین خان کو کرپشن کے الزام میں گرفتار کر لیا، قبل ازیںسبطین خان 2002میں مسلم لیگ (ق) کے ٹکٹ پر رکن صوبائی اسمبلی منتخب ہوئے اور پرویز الٰہی کی کابینہ میں بطورصوبائی وزیرمائنز اینڈ منرلز رہے۔نیب ترجمان کے مطابق ان پر چنیوٹ اور رجوعہ میں اربوں روپے مالیت کے 500 میٹرک ٹن آئرن عور کے غیرقانونی ٹھیکہ جات من پسند کمپنی کو نوازنے کا الزام ہے، ملزم کیجانب سے جولائی 2007 میں میسرز ارتھ ریسورس پرائیویٹ لمیٹڈ نامی کمپنی کو ٹھیکہ فراہم کرنے کے غیرقانونی احکامات جاری کئے گئے۔

ملزم کی دیگر شریک ملزمان سے ملی بھگت سے ٹھیکہ ای آر پی ایل کو مروجہ قوانین سے انحراف کرتے ہوئے فراہم کیا گیا۔

(جاری ہے)

ای آر پی ایل نامی کمپنی ماضی میں کان کنی کے تجربہ کی حامل نہ تھی پھر بھی ملزم نے ملی بھگت سے اسے کنٹریکٹ فراہم کیا۔ترجمان کے مطابق لاہور ہائیکورٹ کیجانب سے کیس ریفر کرنے پر نیب لاہور نے ملزمان کیخلاف کارروائی کا آغاز کیا۔

پنجاب مائنز ڈیپارٹمنٹ کیجانب سے ٹھیکہ کی بڈنگ کے مراحل میں کسی دوسری کمپنی کو شامل ہی نہ کیا گیا۔ جبکہ پنجاب مائنز نے بظاہرصرف 20 فیصد کی شراکت پر رضامندی ظاہر کی اسطرح یہ جائنٹ وینچر سرعی طور پر غیر قانونی تھا۔ ملزمان کیجانب سے ایس ای سی پی کو منصوبہ کی تفصیلات کبھی فراہم نہ کی گئیں اس دوران منصوبہ پر کام بھی جاری رکھا گیا۔ ملزم محمد سبطین نے چنیوٹ کے اربوں مالیت کے معدنی وسائل 25 لاکھ مالیت کی کمپنی کو فراہم کئے۔ ملزم محمد سبطین خان کو جسمانی ریمانڈ کے حصول کیلئے آج ہفتہ کو احتساب عدالت کے روبرو پیش کیا جائے گا ۔