ایف آئی اے نے مختلف علاقوں میں 3 مختلف کارروائیاں کرتے ہوئے 3 ملزمان کو گرفتار کر لیا

چنیوٹ سے فخر عباس کو 10 ہزار روپے رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کیا گیا ،ذرائع

ہفتہ 15 جون 2019 13:40

ایف آئی اے نے مختلف علاقوں میں 3 مختلف کارروائیاں کرتے ہوئے 3 ملزمان ..
فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 جون2019ء) ایف آئی اے نے مختلف علاقوں میں 3 مختلف کارروائیاں کرتے ہوئے 3 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔میڈیا رپورٹ کے مطابق ایک کارروائی کے دوران ایف آئی اے نے پاسپورٹ آفس کے ایک کلرک کو رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا جبکہ دیگر دو کارروائیوں میں 2 انسانی اسمگلروں کو گرفتار کیا گیا ہے۔

گرفتاریوں کی تفصیلات بتاتے ہوئے ڈپٹی ڈائریکٹر فیصل آباد جمیل احمد خان میو نے بتایاکہ محمد قاسم نامی شخص نے درخواست دی تھی کہ چنیوٹ کے پاسپورٹ آفس کا کلرک فخر عباس اس سے پاسپورٹ بنانے کے عوض 10 ہزار روپے رشوت طلب کر رہا ہے۔شکایت پر ایف آئی اے کی ایک چھاپہ مار ٹیم تشکیل دی گئی جس نے مجسٹریٹ کی سربراہی میں چھاپہ مارا اور فخر عباس کو 10 ہزار روپے رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا۔

(جاری ہے)

دوسرا چھاپہ اصغر علی نامی شخص کی درخواست پر ماکوانا تحصیل میں مارا گیا اور وہاں سے غلام مصطفیٰ نامی ملزم کو گرفتار کیا گیا۔ملزم نے درخواست کنندہ سے سعودی عرب میں نوکری کا ویزہ لگوا کر دینے کا کہہ کر ساڑھے 5 لاکھ روپے لیے اور پھر فرار ہو گیا۔تیسری کارروائی میں ایف آئی اے نے ملزم محمد جاوید کو گرفتار کیا ہے جس نے زبیر نامی شخص سے 11 لاکھ روپے یہ کہہ کر وصول کیے تھے کہ وہ اس کو لندن بھجوا دے گا۔ملزم جاوید کئی ماہ گزرنے کے بعد بھی زبیر کو لندن نہ بھجوا سکا اور اپنے گھر اور آفس سے روپوش ہوگیا تھا۔

متعلقہ عنوان :