شدید گرمی میں عوام کو ٹھنڈی ٹھنڈی خوشخبری سنا دی گئی

محکمہ موسمیات کی آج رات اور کل لاہور میں بارش کی پیشگوئی،اسلام آباد، پشاور، بنوں، راولپنڈی، گوجرانوالہ، سمیت کئی شہروں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان، بارشوں کا سلسلہ آئندہ ہفتے وقفے وقفے سے جاری رہنے کا امکان

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان ہفتہ 15 جون 2019 13:46

شدید گرمی میں عوام کو ٹھنڈی ٹھنڈی خوشخبری سنا دی گئی
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔15جون ۔2019ء) محکمہ موسمیات نے لوگوں کو خوشخبری سنا دی۔میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ ملک کے مختلف حصوں میں شدید گرمی ہے، دوپہر کے وقت گرمی کی شدت میں مزید اضافہ ہو جاتا ہے۔تاہم محکمہ موسمیات نے آج رات اور کل لاہور میں بارش کی پیشگوئی کی ہے۔بارش کا سلسلہ اگلے ہفتے وقفے وقفے سے جاری رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کل لاہور میں ہلکی بارش کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات نے رواں ماہ جون کے آخری ہفتہ میں پری مون سون کی پیش گوئی کی ہے اور کہا ہے کہ جون کے آخری ہفتے میں ہونے والی بارشوں کی وجہ سے لاہور میں موسم بہتر ہو جائے گا۔ اس حوالے سے محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بارش برسانے والا ایک کمزور سسٹم آج کسی وقت لاہور میں داخل ہو جائے گا جس کے باعث آج رات یا اتوار کے روز شدید آندھی کے ساتھ ہلکی بارش کا بھی امکان ہے ۔

(جاری ہے)

جمعہ کے روز شہر میں موسم گرم اور خشک رہا جبکہ شہر کا درجہ حرارت 44 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہے گا تاہم اسلام آباد، مالاکنڈ، ہزارہ، پشاور، کوہاٹ، بنوں، راولپنڈی، گوجرانوالہ،ساہیوال، لاہور، سرگودھا، ملتان، بہاولپور، ڈی جی خان، میر پورخاص ڈویژن، گلگت بلتستان اور کشمیر میں چند مقامات پر تیز گرد آلود ہوائوں، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

رپورٹ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بھی ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہا جبکہ گلگت بلتستان میں چند مقامات پر بارش ہوئی۔جب کہ دوسری جانب گرمی نے لوگوں کا جینا محال کر دیا ہے۔کراچی میں شدید گرمی ہے جس سے آفس جانے والے لوگوں کو شدید مشکلات پیش آ رہی ہیں۔شہریوں کو گھر سے باہر نکلنے میں احتیاط برتنے کا کہا گیا ہے۔