روسی دفاعی نظام کی خریداری پر امریکی پابندیاں قبول نہیں ، اینٹ کا جواب پتھر سے دیں گے،ترکی

روسی دفاعی نظام کی خریداری کا تہیا کر رکھا ہے ،ڈیل کو منسوخ کریں گے نہ ہی اس پر نظر ثانی کی جائیگی، وزیر خارجہ مولودجاویش اوگلو

ہفتہ 15 جون 2019 14:43

روسی دفاعی نظام کی خریداری پر امریکی پابندیاں قبول نہیں ، اینٹ کا جواب ..
انقرہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 جون2019ء) ترک وزیر خارجہ مولود جاویش اوگلو نے امریکہ کو خبردار کیا ہے کہ اگر اس نے روسی دفاعی نظام ایس 400 کی خریداری پر انقرہ پر پابندیاں عائد کیں تو ترکی بھی جوابی اقدام میں امریکہ پابندیاں لگائے گا،امریکی انتقامی اقدامات پر ترکی خاموش نہیں رہے بلکہ اینٹ کا جواب پتھر سے دیا جائے گا۔ترکی میڈیا کو ایک انٹرویو میں ترکوزیر خارجہ مولود جاویش اوگلو نے کہا کہ اگرامریکا نے ہمارے خلاف کوئی بھی منفی اقدام کیا تو ہم اس کا اسی طرح بھرپور جواب دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے ایس 400 دفاعی نظام کی خریداری کا تہیا کر رکھا ہے اور ہم اس ڈیل کو منسوخ کریں گے اور نہ ہی اس پر نظر ثانی کی جائے گی۔خیال رہے کہ ترکی اور امریکہ کے درمیان گذشتہ کچھ عرصے سے روس کے فضائی دفاعی نظام ایس 400 پر شدید اختلافات ہیں۔

(جاری ہے)

ترکی ہرصورت میں یہ نظام خریدنا چاہتا ہے جبکہ امریکا انقرہ پر یہ سسٹم نہ خریدنے کیلئے دبائو ڈال رہا ہے۔ امریکا نے دھمکی دی ہے کہ اگرترکی نے ایس 400 دفاعی نظام خرید کیا تو واشنگٹن انقرہ کو ایف 35 جنگی جہازوں کی فروخت روک دیگا۔امریکا کی طرف سے اس دھمکی کے بعد ترکی کی کرنسی لیرہ کی قیمت میں ڈالر کے مقابلے میں 5.93 لیرہ کی کمی واقع ہوئی ہے۔ امکان ہے کہ آئندہ ماہ ترکی روس سے ایس 400 دفاعی نظام خرید لے گا۔