ریاض: ہیروئن کی اسمگلنگ پر پاکستانی کا سر قلم

گزشتہ چند ماہ کے دوران درجنوں پاکستانی منشیات اسمگلنگ کے جُرم میں سزائے موت پا چکے ہیں

Muhammad Irfan محمد عرفان ہفتہ 15 جون 2019 16:22

ریاض: ہیروئن کی اسمگلنگ پر پاکستانی کا سر قلم
ریاض(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔15جُون 2019ء) سعودی وزارت داخلہ نے ایک اعلامیے کے ذریعے بتایا ہے کہ جدہ ایئرپورٹ پر منشیات کی سمگلنگ کی کوشش کے دوران گرفتار ہونے والے پاکستانی شہری فضل منان کو موت کی سزا دے دی گئی۔ ملزم کو حوطہ بنی تمیم کے علاقے میں سر قلم کر کے نشانِ عبرت بنا دیا گیا۔ عدالت کی جانب سے پاکستانی کے خلاف اسمگلنگ کا الزام ہونے پر اُسے موت کی سزا سُنائی گئی تھی۔

واضح رہے کہ گزشتہ ماہ بھی منشیات کی سمگلنگ کی کوشش کے دوران گرفتار ہونے والے پاکستانی اسمگلر نذار احمد ولد گل احمد کا عدالتی حکم کے مطابق سر قلم کیا گیا تھا۔اس سے قبل 25 دسمبر 2018ءکو بھی پاکستانی اسمگلر شمس الرحمان کا سر قلم کیا گیا تھا۔ جدہ ایئر پورٹ پر شمس الرحمان کے سامان کی تلاشی لینے پراُس میں سے منشیات برآمد ہوئی جس پراُسے گرفتار کر کے عدالت میں پیش کیا گیا۔

(جاری ہے)

جہاں اُسے سزائے موت دے دی گئی۔ اس سے قبل دسمبر 2018ءمیں ہی ایک اور پاکستانی اسمگلر شاہد اقبال کا عدالتی حکم کے مطابق سر قلم کر دیا گیا۔ شاہد اقبال اپنے پیٹ میں ہیروئن چھُپا کر مملکت میں اسمگل کرنے کی کوشش میں تھا، تاہم ایئرپورٹ حکام نے شک گزرنے پر اُسے گرفتار کر لیا۔ اس سے قبل نومبر کے مہینے میں پاکستانی شہری شاکر اللہ ولد رحمان اللہ کوموت کے گھاٹ اُتار دیا گیا۔

شاکر اللہ اپنے پیٹ میں ہیروئن چھپا کر پاکستان سے سعودی مملکت لایا تھا تاہم کسٹم حکام کی عقابی نظروں سے نہ بچ سکا۔ عدالت نے الزام ثابت ہونے پر اُس کا سر قلم کرنے کی سزا سُنائی تھی۔ جبکہ اس سے پہلے اکتوبر کے مہینے میں بھی دو پاکستانیوں کو ہیروئن کی سمگلنگ کا جُرم ثابت ہونے پر سزائے موت دی گئی تھی۔ جن میں سے ایک شخص محمد رمضان سردارا بھی مملکت کے ایئرپورٹ پر اترا تو کسٹم حکام نے شک گزرنے پر اُسے پکڑا تو پتا چلا کہ ا±س نے اپنے پیٹ میں ہیروئن چھُپا رکھی تھی، جسے اس نے مملکت میں فروخت کر کے بھاری رقم وصول کرنا تھا۔

عدالت کی جانب سے ملزم کو سزائے موت س±نائی گئی تھی، جس پر عمل درآمد کرتے ہوئے ملزم کا سر قلم کر دیا گیا۔ اکتوبر کے مہینے میں ہی دمام میں ایک اور پاکستانی زاہد الرحمان کا بھی منشیات اسمگلنگ کے الزام میں سر قلم کیا گیا تھا۔ اس نے بھی اپنے پیٹ میں ہیروئن چھپا رکھی تھی۔