Live Updates

چکوال، دربار عالیہ گاہی گفانوالہ شریف میں تین روزہ سالانہ عرس اختتام پذیر ہوگیا

ہفتہ 15 جون 2019 17:21

چکوال۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 جون2019ء) چکوال کے علاقہ ونہار میں دربار عالیہ گاہی گفانوالہ شریف زیر اہتمام سجادہ نشین باوا سید عمران سجاد بخاری تین روزہ سالانہ عرس اختتام پذیر ہو گیا۔جبکہ مذکورہ عرس میں دور دراز علاقوں سے آئے ہوئے ہزاروں مریدین نے دربار عالیہ سخی سجاد معصوم بادشاہ کے دربار عالیہ پر حاضری دی۔تین روزہ پروگرام میں ثقافتی کبڈی،گھوڑا ڈانس،نیزہ بازی اور بیلوں کے کراہ کے ساتھ ساتھ نامور قوالوں نے بھی نذرانہ عقیدت پیش کیا۔

آخری روز بیلوں کے کراہ کے موقع پر مہمان خصوصی پاکستان تحریک انصاف کے راہنما رکن قومی اسمبلی سردار ذوالفقار علی خان دلہہ،مرکزی چیئرمین تنظیم الاعوان پاکستان ملک امجد علی علوی،تحریک انصاف کے راہنما پیر وقار شاہ کرولی،سید امیر شاہ تلہ گنگ،حاجی عمر حبیب،چوہدری علی ناصر بھٹی،چیئرمین سردار عامر عباس،راجہ غلام عباس،وائس چیئرمین جمیل بہکڑی،نجم الحسن نجمی،سردار اعظم خان،سردار نجف حمید،چوہدری خورشید بیگ ،ملک ارشد حمید ونہار،چوہدری اختر بوسال،سردار چنگیز خان تھے۔

(جاری ہے)

بیلوں کے کراہ میں علاقہ دھنی کے نامور بیلوں نے عوام سے خوب داد وصول کی ۔جبکہ آخر میں مہمانان گرامی کے ہاتھوں انعامات بھی تقسیم کیے گئے ۔جبکہ پاکستان تحریک انصاف کے راہنما رکن قومی اسمبلی سردار ذوالفقار علی خان دلہہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں تین روزہ کامیاب عرس پر سجادہ نشین دربار عالیہ باوا سید عمران سجاد بخاری کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

اور انہیں یقین دلاتا ہوں کہ ہم سب دربار عالیہ کے عقیدت مند ہیں اور ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی ولولہ انگیز قیادت میں پاکستان ترقی کی راہ پرگامزن ہے اور ہم اپنے علاقائی ثقافت کے فروغ کے لیے مخلصانہ کوششیں جاری رکھیں گے۔آخر میں سجادہ نشین نے تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا اور ملک کی سلامتی،دہشتگردی کے خاتمے کے لیے خصوصی دعا کرائی۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات