جے ایف 17 تھنڈر پیرس ائیر شو کے مداحوں پر سحر طاری کرنے کے لئے تیار

ہفتہ 15 جون 2019 18:15

جے ایف 17 تھنڈر پیرس ائیر شو کے مداحوں پر سحر طاری کرنے کے لئے تیار
کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 جون2019ء) پاک فضائیہ کے جے ایف 17 تھنڈر طیاروں نے 53 ویں پیرس ائیر شو کی مشقوں کا آغا ز کر دیا۔ ہفتہ کو یہاں جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق یہ ائیر شو لا بورج پیرس میں 17 سی23 جون تک منعقد کیا جائے گا۔ پاک فضائیہ کی جے ایف 17 تھنڈر ڈیمو ٹیم دنیا کے سب سے بڑے ائیر شو میں اپنی مسحور کن پرفارمنس سے حاظرین کو محظوظ کرنے کے لئے مکمل طور پرتیار ہے۔

پاک فضائیہ کا ایک جے ایف 17 طیارہ فضائی مظاہروں میں شرکت کرے گا جبکہ دوسرا طیارہ جدید ہتھیاروں سے لیس، زمین پر شائقین کے لئے مرکز نگاہ ر ہے گا۔ تین جے ایف 17 تھنڈر طیاروں، ائیر اور گراؤنڈ کریو پر مشتمل پاک فضائیہ کا دستہ اس بڑے شو میں شرکت کیلئے دو دن پہلے پیرس پہنچا۔ ائیر شو کے پہلے چار دن تجارتی مقاصد کے لئے مختص ہیں جبکہ باقی تین دن عام عوام کے لئے رکھے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

شو میں جے ایف 17 تھنڈر کا فضائی مظاہرہ نہایت اہمیت کا حامل ہے جہاں اس کی جدید ترین صلاحیتوں کو ظاہر کرنے کا بہترین موقع میسر آئے گا۔ یہ ممکنہ خریداروں کو جے ایف 17 تھنڈر کی صلاحیتوں کو پرکھنے کا موقع بھی فراہم کرے گا اور اس طیارے کو عالمی مارکیٹ میں نمایاں کرنے میں مددگار ثابت ہوگا۔ یہ ائیر شو فرنچ ائیر و سپیس انڈسٹریز ایسوسی ایشن کے تعاون سے منعقد کی جانے والی دنیا کی سب سے بڑی نمائش ہے۔ اس ائیر شو میں دنیا بھر کے مختلف ممالک سے بڑی تعداد میں فضائی کمپنیاں اور نمایاں حیثیت کی حامل ایوی ایشن انڈسٹریز حصہ لیتی ہیں۔

متعلقہ عنوان :