سابق صدر و چیئرمین نظریہٴ پاکستان ٹرسٹ محمد رفیق تارڑ سمیت دیگر عہد یداران کا ڈاکٹر یعقوب ضیاء کے انتقال پر گہرے دکھ اور غم کا اظہار

ہفتہ 15 جون 2019 19:13

سابق صدر و چیئرمین نظریہٴ پاکستان ٹرسٹ محمد رفیق تارڑ سمیت دیگر عہد ..
لاہور۔15 جون(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 جون2019ء) ) تحریک پاکستان کے مخلص کارکن ‘سابق صدر اسلامی جمہوریہ پاکستان و چیئرمین نظریہٴ پاکستان ٹرسٹ محمد رفیق تارڑ، وائس چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر رفیق احمد، جسٹس(ر) خلیل الرحمن خان، میاں فاروق الطاف ،چیئرمین تحریک پاکستان ورکرز ٹرسٹ چیف جسٹس( ر) میاں محبوب احمد، کارکنان تحریک پاکستان کرنل(ر) محمدسلیم ملک ، چودھری ظفر اللہ خان ، محمد ارشد چودھری ، خواجہ خورشید وائیں ،چوہدری محمد طفیل ، رانا سجاد جالندھری، میاں ابراہیم طاہر، ایم کے انور بغدادی، بیگم ثریا خورشید،بیگم مہناز رفیع، ڈاکٹر اجمل نیازی، ڈاکٹر پروین خان اور نظریہٴ پاکستان ٹرسٹ کے سیکرٹری شاہد رشید نے اپنے ایک مشترکہ تعزیتی بیان میں تحریک تکمیل پاکستان لاہور سٹی کے صدر ڈاکٹر یعقوب ضیاء کے انتقال پر گہرے دکھ اور غم کا اظہار کیا ہے ۔

(جاری ہے)

تعزیتی بیان میں کہا گیا ہے کہ ڈاکٹر یعقوب ضیاء نے اپنی زندگی پاکستان کی تعمیروترقی اور نظریہٴ پاکستان کی ترویج واشاعت کیلئے وقف کر رکھی تھی۔ بیان میں سوگوار خاندان سے تعزیت کا اظہارکیا گیا اور ڈاکٹر یعقوب ضیاء کی مغفرت کے لیے دعا کی کہ اللہ تعالی انہیں جوار رحمت میںجگہ عطا فرمائے اور سوگوار خاندان کو صبرجمیل عطا فرمائے۔واضح رہے کہ ڈاکٹر یعقوب ضیاء چندر وزقبل انتقال کر گئے تھے اور انہیں سینکڑوں سوگواروں کی موجودگی میں مقامی قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا تھا۔

گزشتہ روز ایوان کارکنان تحریک پاکستان ، لاہور کے احاطہ میں واقع زمان مسجد میں ڈاکٹر یعقوب ضیاء کے ایصال ثواب کیلئے قرآن خوانی کا انعقاد کیا گیا۔ آخر میں ان کے ایصال ثواب اور بلندئ درجات کیلئے دعا بھی کی گئی۔