پاک بھارت ٹاکرا; آن لائن ٹیکسی سروس کریم نے INDIAWIN کا پروموکوڈ جاری کر دیا

بھارت کے حق میں پرومو جاری کرنے پر آن لائن ٹیکسی سروس کو سخت تنقید کا سامنا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین ہفتہ 15 جون 2019 20:11

پاک بھارت ٹاکرا; آن لائن ٹیکسی سروس کریم نے INDIAWIN کا پروموکوڈ جاری کر ..
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 15 جون 2019ء) : آئی سی سی ورلڈ کپ 2019ء میں پاک بھارت ٹاکرا کل ہو گا لیکن انگلینڈ کے موسم کو دیکھتے ہوئے شائقین کرکٹ میں ایک مرتبہ پھر سے مایوسی پھیل گئی ہے کیونکہ کل بھی بارش کا امکان ظاہر کیا جارہا جس سے پاکستان اور بھارت کے مابین ہونے والا میچ منسوخ ہونے کا امکان ظاہرکیا جا رہا ہے۔ پاک بھارت ٹاکرے کو لے کر شائقین کرکٹ کی دلچسپی کو دیکھتے ہوئے آن لائن ٹیکسی سروس کریم نے پرومو کارڈ جاری کیا جس پر کمپنی کو اُلٹا تنقید کا سامنا کرنا پڑ گیا۔

پاکستان اور بھارت کے مابین ہونے والے میچ اور اس میچ کو لے کر شائقین کرکٹ میں پائی جانے والی دلچسپی کو دیکھتے ہوئے آن لائن ٹیکسی سروس نے INDIAWIN کے نام سے پرومو کوڈ جاری کیا اور ساتھ ہی تحریر کیا کہ سارے جہاں سے اچھا پرومو ہمارا۔

(جاری ہے)

جو کہ دراصل سارے جہاں سے اچھا ہندوستان ہمارا سے اخذ کیا گیا ہے۔

تاہم اس پرومو کوڈ کو جاری کرنے کے بعد کریم ٹیکسی سروس کو صارفین کی جانب سے سخت رد عمل کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

سوشل میڈیا پر کریم ٹیکسی سروس پر نہ صرف تنقید کی جا رہی ہے بلکہ انٹرنیٹ صارفین نے کریم کے بائیکاٹ کے لیے بھی ایک ٹرینڈ متعارف کروا دیا ہے۔ انٹرنیٹ صارفین کا کہنا ہے کہ بھارت کی فیور میں پرومو جاری کرنا نہایت شرمناک ہے۔ پاکستان میں کام کرنے والی کمپنی کو یہ سب زیب نہیں دیتا ۔ اس حرکت سے ہماری دل آزاری ہوئی ہے لہٰذا ہم کریم کا بائیکاٹ کر رہے ہیں۔

خیال رہے کہ اس سے قبل کریم سروس نے PAKWIN پرومو کوڈ بھی جاری کیا تھا
جبکہ ابھی کچھ دیر قبل RAINWIN کے نام سے بھی ایک پرومو جاری کیا
لیکن کریم صارفین بھارت سے متعلق پرومو جاری کرنے پر کافی نالاں ہیں۔ واضح رہے کہ اس سے قبل بھی کریم کمپنی سخت تنقید کی زد میں آئی تھی۔ آن لائن ٹیکسی سروس ''کریم'' کو اپنی تشہیری مہم کی وجہ سے سخت تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا جس کے تحت ٹیکسی سروس کی تشہیری مہم اس کے اپنے ہی گلے پڑ گئی۔

سوشل میڈیا پر ''کریم'' کی جانب سے دئے جانے والے اشتہاری بل بورڈ کی تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی جسے اخلاقیات سے گری ہوئی اور تشہیر کا گھناؤنا طریقہ کار قرار دیا گیا۔ سوشل میڈیا پر وائرل اس تصویر میں ''کریم'' کی بائیک سروس کا اشتہار موجود تھا جس پر تحریر تھا کہ اگر اپنی شادی سے بھاگنا ہو تو کریم کی بائیک کریں اور اس سروس کے لیے ساتھ ہی پرومو کوڈ بھی دیا گیا۔

آن لائن ٹیکسی سروس کے اس اشتہار پر صارفین نے انہیں آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ یہ تشہیر کا کون سا طریقہ ہے جس میں نوجوان لڑکیوں کو نہ صرف استعمال کیا جا رہا ہے بلکہ شادی سے بھاگنے کے طریقے بھی بتائے جا رہے ہیں۔ یہاں تک کہ کریم کے اپنے صارفین نے بھی اس اشتہار پر ناگواری کا اظہار کیا اور کہا کہ اس طرح کے اشتہار ہمارے معاشرے میں نامناسب اور ناقابل قبول ہیں۔

کریم کو اس طرح کے اشتہارات جاری کرنے سے قبل سوچنا چاہئیے کہ وہ جس معاشرے میں سہولیات فراہم کر رہے ہیں کیا اس معاشرے میں اس طرح کے اشتہارات کو قبول کیا جائے گا ؟ کچھ صارفین نے تو کریم کے مارکیٹنگ اور ایڈورٹائزنگ کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ مارکیٹنگ اور ایڈورٹائزنگ کی پہلی شرط صارفین سے متعلق جانچ پڑتال کرنا ہے جس میں بظاہر کریم سروس ناکام ہو گئی ہے کیونکہ اس طرح کا اشتہار پاکستان کے معاشرے میں انتہائی نامناسب ہے، کریم کو چاہئیے کہ مستقبل میں ایسی حرکات سے باز رہے۔ سوشل میڈیا سائٹس پر بھی کریم کو اس اشتہار کی وجہ سے خاصی تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا۔