Live Updates

ثابت ہوگیا سلیکٹڈ وزیراعظم نےکمیشن انتقامی ایجنڈے کیلئے بنایا،احسن اقبال

سلیکٹڈ وزیراعظم کمیشن میں قومی حساس اداروں کو جھونک کر ان کی ساکھ کو مجروح اور اپنی سیاست کی نذر کرنا چاہتے ہیں۔مرکزی رہنماء ن لیگ احسن اقبال کا ردعمل

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ ہفتہ 15 جون 2019 21:17

ثابت ہوگیا سلیکٹڈ وزیراعظم نےکمیشن انتقامی ایجنڈے کیلئے بنایا،احسن ..
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔15 جون 2019ء) پاکستان مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنماء احسن اقبال نے کہا ہے کہ ثابت ہوگیا سلیکٹڈ وزیراعظم نے کمیشن انتقامی ایجنڈے کیلئے بنایا، سلیکٹڈ وزیراعظم کمیشن میں قومی حساس اداروں کو جھونک کر ان کی ساکھ کو مجروح اور اپنی سیاست کی نذر کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے ٹویٹر پر اپنے ردعمل میں کہا کہ یہ بات ثابت ہو چکی ہو کہ سیلیکٹ وزیر اعظم نے قرضوں کے کمیشن کو اپوزیشن کیخلاف انتقامی ایجنڈا پر عمل کرنے کے لئے بنایا ہے۔

احسن اقبال نے کہا کہ اس میں قومی حساس اداروں کو جھونک کر وہ ان اداروں کو اپنی سیاست کی نذر اور ان کی ساکھ مجروح کرنا چاہتے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت پارٹی رہنماؤں اور ترجمانوں کا اعلیٰ سطحی اجلا س ہوا۔

(جاری ہے)

اجلاس میں وزیراعظم کو اعلیٰ سطحی تحقیقاتی کمیشن سے متعلق بریفنگ دی گئی۔ مشیر خزانہ حفیظ شیخ نے وزیراعظم کو بجٹ اہداف سے متعلق بریفنگ دی۔

چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی نے وزیراعظم کوٹیکس اصلاحات اور اہداف سے متعلق بریفنگ دی۔وزیراعظم نے کہا کہ تحقیقاتی کمیشن جلد قائم کیا جائے گا۔ کمشین کا مقصد 24 ہزار ارب قرض کی تحقیقات کرنا ہے۔ تحقیقاتی کمیشن اقامہ رکھنے والوں کا بھی احتساب کرے گا۔وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستان کی معیشت مستحکم ہوچکی ہے۔ کٹھن راستہ عبور کرلیا ہے۔

اب وقت ہے معیشت ٹیک آف کرے گی۔ ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچا لیا۔30 فیصد کرنٹ اکاؤنٹ خسارے میں کمی آئی ہے۔ پاکستان کی تاریخ سب سے بڑا سود دے رہے ہیں۔ ملک کا 4 ہزار ریونیو میں سے 2 ہزار قرضوں کی واپسی میں چلا جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ عوام کوغربت کی لکیر سے اوپر لانا پی ٹی آئی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ احساس پروگرام کا بجٹ 100 ارب سے 191 ارب کردیا گیا ہے۔

انہوں نے اپوزیشن کے گرفتاریوں کے تحفظات پر کہا کہ گرفتار ہونے والے این آرا وکی تلاش میں ہیں۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں پاک بھارت کے درمیان کل ہونے والے میچ پر بھی بات چیت ہوئی۔ پارٹی رہنماء نے کہا کہ کاغزستان میں جو حشر مودی کا ہواہے وہی بھارتی ٹیم کا ہوگا۔ جس پر وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ کھلاڑیوں کو دلیری سے دکھانا ہوگی، کھلاڑیوں کو چاہیے کہ ہارکے ڈر کو بھول کردلیری سے کھیلیں۔

واضح رہے وزیراعظم عمران خان نے بشکک کے دورے سے وطن واپسی پر آج بنی گالہ میں پارٹی رہنماؤں کا اجلاس طلب کیا تھا۔ بتایا گیا ہے کہ اجلاس میں سیاسی صورتحال اور وفاق اور پنجاب میں بجٹ سے متعلق آئندہ کے لائحہ پر مشاورت کی گئی۔ اجلاس میں قومی اسمبلی میں آئندہ کی حکمت عملی اپنانے سے متعلق بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ جبکہ اجلاس میں پارٹی بیانیہ سے بھی ترجمانوں کو بھی آگاہ کیا گیا ۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات