Live Updates

وفاقی وزیر فواد چوہدری کا صحافی کو تھپڑ، وزارت سائنس و ٹیکنالوجی نے وضاحت کر دی

واقعہ کو 2 اداروں میں تصادم سمجھنے کی بجائے 2 اشخاص کے درمیان تنازع تصور کرنا چاہئیے۔ ترجمان

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین ہفتہ 15 جون 2019 21:26

وفاقی وزیر فواد چوہدری کا صحافی کو تھپڑ، وزارت سائنس و ٹیکنالوجی نے ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 15 جون 2019ء) : وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے گذشتہ شب سینئیر صحافی و تجزیہ کار سمیع ابراہیم کو تھپڑ رسید کیا جس کے بعد اب وزارت کی جانب سے بھی وضاحت پیش کر دی گئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق وزارت سائنس و ٹیکنالوجی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ اس واقعہ کو 2 اداروں میں تصادم سمجھنے کی بجائے 2 اشخاص کے درمیان تنازع تصور کرنا چاہئیے۔

یاد رہے کہ وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے گذشتہ رات فیصل آباد میں ہونے والی ایک شادی کی تقریب میں سینئیر صحافی و تجزیہ کار سمیع ابراہیم کو تھپڑ رسید کر دیا جس کے بعد سے ہی صحافی برادری کی جانب سے فواد چوہدری کے خلاف کافی احتجاج کیا جا رہا ہے جبکہ سمیع ابراہیم نے وفاقی وزیر کے خلاف اندراج مقدمہ کی درخواست بھی جمع کروائی۔

(جاری ہے)

درخواست میں صحافی سمیع ابراہیم نے مؤقف اپنایا کہ میں نجی ٹی وی چینل کے مالک کی بیٹی کی شادی میں آیا تھا، شادی کی تقریب میں اپنے ساتھی ارشد شریف ، رؤف کلاسرا ،ڈی جی ایف آئی اے بشیر میمن اور پی ٹی آئی کے رکن اسمبلی فرخ حبیب بھی موجود تھا۔ اس دوران وفاقی وزیر فواد چوہدری نے اپنے ساتھیوں کے ہمراہ بلا اشتعال مجھ پر حملہ کر دیا۔ مجھے تھپڑ مارنے کے ساتھ ساتھ غلیظ گالیاں بھی دیں اور پھر خطرناک نتائج کی دھمکیاں بھی دیں۔

فواد چوہدری کے خلاف آنے والے رد عمل اور صحافیوں کے دباؤ میں آ کر وزیراعظم عمران خان فواد چوہدری کو وفاقی کابینہ سے نکالنے کے مشورے پر غور کر سکتے ہیں۔ ذرائع کے مطابق فواد چوہدری کی جانب سے سینئیر صحافی کو رسید کیا گیا تھپڑ پارٹی اور حکومت کو مہنگا پڑ سکتا ہے، اور اس تھپڑ کی گونج عمران خان اور پارٹی کو کافی عرصہ تک سنائی دے گی۔ فواد چوہدری پر ہونے والی تنقید اور اس تنقید سے حکومت پر ہونے والے اثر کے پیش نظر وزیراعظم عمران خان کو مشورہ دیا جا رہا ہے کہ فواد چوہدری کی اس حرکت نے سب کو حکومت پر تنقید کا موقع دیا ہے۔

اگر اس وقت فواد چوہدری کے خلاف کوئی ایکشن نہ لیا گیا تو صحافی برادری حکومت پر پریشر ڈالے گی اور حکومت کے پاس اس کے علاوہ کئی اہم کام بھی موجود ہیں جن کو پایہ تکمیل تک پہنچانا ہے لہٰذا فواد چوہدری کے خلاف ایکشن لے کر ان کو سزا دی جائےاور سزا کے طور پر ان سے وزارت واپس لی جائے۔ تاہم وفاقی وزیر برائے سائنس وٹیکنالوجی فواد چوہدری نے صحافی کی جانب سے مقدمے کی درخواست جمع کروائے جانے پر رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ وزارتیں شزارتیں میرے لیے مسئلہ نہیں ہیں۔ یہ وزارت چلی گئی تو پھر آجائے گی ۔ میں پہلی یا آخری مرتبہ وزیر نہیں بنا۔ وفاقی وزیر فواد چوہدری نے کہا کہ بات بڑھی تو ایسا ہو گیا، معذرت والی بات نہیں ہے۔ وزارت جاتی ہے تو جائے میں معافی نہیں مانگوں گا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات