Live Updates

وزیراعلی عثمان بزدارکی سپیکر پنجاب اسمبلی سے ملاقات، باہمی دلچسپی کے امور، سیاسی صورتحال اور بجٹ پر تبادلہ خیال

سپیکرپرویزالہٰی کی متوازن بجٹ پیش کرنے پر وزیر اعلی کو مبارکباد

ہفتہ 15 جون 2019 23:33

وزیراعلی عثمان بزدارکی سپیکر پنجاب اسمبلی سے ملاقات، باہمی دلچسپی ..
لاہور۔15 جون(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 جون2019ء) وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار اور سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالہٰی کے درمیان اسمبلی چیمبر میں ملاقات ۔ سپیکر چودھری پرویزالہٰی نے متوازن اور بہترین بجٹ پیش کرنے پر وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو مبارکباد دی۔ وزیراعلیٰ نے بجٹ تقریر کے دوران ایوان کی کارروائی احسن طریقے سے چلانے پر سپیکر چودھری پرویزالہٰی کو خراج تحسین پیش کیا۔

سپیکرپنجاب اسمبلی کے چیمبر میں ہونے والی ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، سیاسی صورتحال اور بجٹ میں تجویز کردہ اقدامات کے بارے میں تبادلہ خیال کیا گیا۔دونوں رہنماؤں نے صوبے کے عوام کی فلاح و بہبود کیلئے ورکنگ ریلیشن شپ کو مزید بہتر بنانے پر اتفاق کیا۔وفاقی وزیر ہاؤسنگ طارق بشیر چیمہ اور رکن قومی اسمبلی مونس الہٰی بھی اس موقع پر موجود تھے۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بہترین اور متوازن بجٹ پیش کرکے صوبے کے عوام کی امنگوں کی ترجمانی کی ہے۔ اپوزیشن نے بجٹ تقریر کے دوران غیر پارلیمانی رویے کا مظاہرہ کیا۔ اپوزیشن نان ایشوز پر سیاست کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سابق دور میں صوبے کے عوام کی بنیادی ضروریات اور ترجیحات کو نظر انداز کیا گیا جبکہ ماضی کے برعکس تحریک انصاف کی حکومت نے پہلی بار عوامی ترجیحات کا درست تعین کیا ہے۔

وزیراعظم عمران خان کے وژن کے مطابق پنجاب حقیقی تبدیلی کی راہ پر گامزن ہے۔بجٹ میں عوام کی فلاح و بہبود کیلئے حقیقی ترقیاتی منصوبوں پر توجہ دی گئی ہے۔پنجاب بدلے گا تو پاکستان میں حقیقی تبدیلی آئے گی۔ ترقیاتی منصوبوں میں ارکان اسمبلی کی رائے کو اہمیت دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان تبدیل ہو رہا ہے اور عمران خان جیسا لیڈر ہی پاکستان کو بحرانوں سے نکالے گا۔

ہماری نیت نیک اور سمت درست ہے۔ عوام کی فلاح و بہبود کے وہ کام کر رہے ہیں جو سابق حکمران برسوں میں نہ کر پائے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو کھوکھلے نعروں سے بہلانے کا دور گزرچکا ہے۔ماضی میں غلط ترجیحات کی وجہ سے صوبے کے عوام کا بے پناہ نقصان کیاگیا اور عوام کو ریلیف دینے کی بجائے تکلیف دی گئی۔ سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالہٰی نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سابق دور میں صوبے کا حلیہ بگاڑا گیااورماضی کی حکومت نے غلط پالیسیوں سے صوبے کو دیوالیہ کیا۔

میرے دور کے مفاد عامہ کے منصوبوں کو ذاتی انا کی بھینٹ چڑھایا گیا اور فلاح عامہ کے ا ن منصوبوں میں تاخیر کا نقصان صوبے کے عام آدمی کو ہوا۔ چودھری پرویز الہٰی نے کہا کہ موجودہ دور عوام کا ا پنا دور ہے اور اب صوبے میں ذاتی پسند و ناپسند نہیں بلکہ میرٹ اور گورننس کی حکمرانی ہے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات