پاک، بھارت میچ میں سٹے باز سرگرم، کس کا ریٹ اوپر؟

بھارت کا ریٹ 44 پیسے،پاکستان کا بھاو 2 روپے 15 پیسے نکالا گیا ہے

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب اتوار 16 جون 2019 11:53

پاک، بھارت میچ میں سٹے باز سرگرم، کس کا ریٹ اوپر؟
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 16 جون2019ء) ورلڈکپ2019 کے سب سے سنسنی خیز میچ میں سٹے باز بھی سرگرم ہوگئے ہیں اور امید کی جا رہی ہے کہ اربوں روپے جیت ہار پر لگائے جائیں گے۔ذرائع کے مطابق آج کے بڑے ٹاکرے میں بھارت کا ریٹ 44 پیسے لگایا گیا ہے اور اسے فیورٹ بھی قرار دیا جارہا ہے۔آئی سی سی کے 22ویں میچ میں قومی فیورٹ نہیں ہے اس لیے پاکستان کا بھاﺅ 2 روپے 15 پیسے نکالا گیا ہے۔

بارش کا بھی قوی امکان ہے اور میچ مکمل یا نامکمل ہونے پر بھی جوا ہورہا ہے۔ بک میکرز نے میچ مکمل ہونے کا بھاﺅ32 پیسے اورنامکمل کا ریٹ 3روپے نکالا ہے۔اطلاعات ہیں کہ پولیس کے ڈر سے بک میکر اپنے جگہیں تبدیل کر رہے ہیں اور سارا کاروبار موبائل فونز پر کیا جارہا ہے۔ اس ضمن میں بک میکروں نے پاک بھارت میچ کے لیے نئے موبائل نمبرز سٹے بازوں کو فراہم کیے ہیں۔

(جاری ہے)

دوسری جانب ڈی آئی جی آپریشنز لاہور اشفاق خان نے کہا ہے کہ سٹے بازوں کے خلاف بھرپور کریک ڈاﺅن کیا جائے گا جس کے لیے خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہر میں غیر قانونی کام کی کسی صورت اجازت نہیں دی جائے گی اور جرم میں شریک پائے گئے افراد سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔