کرکٹ ورلڈ کپ میں پاک بھارت میچ روایتی ٹاکرا، پاکستان کے غیور کھلاڑی بھارتی کھلاڑیوں کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر میدان میں اتر رہے ہیں ،پوری قوم کرکٹ ٹیم کی کامیابی کے لئے دعا گو ہے

ہمارے کھلاڑیوں میں عزم، حوصلہ اور ہمت موجود،خود اور اللہ پر توکل اور یقین کے ساتھ میدان میں اترنا ہے،وہ کھلاڑی کبھی نہیں ہارتا جو اپنا حوصلہ بلند رکھے وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ونشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا میچ سے قبل قومی کرکٹ ٹیم کے نام پیغام

اتوار 16 جون 2019 13:05

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 جون2019ء) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ونشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ کرکٹ ورلڈ کپ میں( اتوار کو) پاک بھارت میچ ایک روایتی ٹاکرا ہے ۔ میچ سے قبل قومی کرکٹ ٹیم کے نام اپنے خصوصی پیغام میں انہوں نے کہا کہ پاکستان کے غیور کھلاڑی بھارتی کھلاڑیوں کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر میدان میں اتر رہے ہیں ، میں ان کی کامیابی کیلئے دعا گو ہوں اور پوری پاکستانی قوم بھی اپنی کرکٹ ٹیم کی کامیابی کے لئے دعا گو ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ میں سمجھتی ہوں کہ ہمارے کھلاڑیوں میں عزم، حوصلہ اور ہمت ہے ۔ انہوں نے کھلاڑیوں کو تاکید کی کہ آپ کو اپنے اوپر اور اپنے خدا پر توکل اور یقین کے ساتھ میدان میں اترنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ کھلاڑی کبھی بھی نہیں ہارتا جو اپنا حوصلہ بلند رکھتا ہے اس لیے آپ بھی اپنے حوصلے بلند رکھیں ،پوری قوم اپنے بیٹوں سے بھرپور مقابلے کی توقع رکھتی ہے۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کو کہا کہ ٹیم ورک کامیابی کی ضمانت ہے اس لئے آپ بھی ٹیم ورک سے کھیلیں ۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم شدت سے ایک ہی نعرہ لگا رہی ہے کہ پاکستان کی کرکٹ ٹیم آج بھارت کے خلاف کامیابی حاصل کرے۔