بھارتی تماشائیوں کی پاکستان کیخلاف میچ میں سیاست کی کوشش ناکام

وزیر اعظم نریندر مودی کا ماسک پہن کر آنےوالے تماشائیوں کو گراﺅنڈ میں داخلے سے روکدیا گیا

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب اتوار جون 17:13

بھارتی تماشائیوں کی پاکستان کیخلاف میچ میں سیاست کی کوشش ناکام
مانچسٹر(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 16 جون2019ء) پاکستان اور بھارت کے درمیان مانچسٹر میں جاری 22 ویں میچ کے دوران سیاست کی بھارتی کوشش ناکام بنادی گئی ہے۔مانچسٹر میں بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کا ماسک پہن کر آنے والے تماشائیوں کو گرائنڈ میں داخلے سے روک دیا گیا،تماشائیوں کو ماسک اتار کر سٹینڈ میں جانے کی اجازت دی گئی ،آئی سی سی قوانین کے تحت میچز کے دوران کوئی سیاسی پیغام نہیں دیا جاسکتا۔

اس سے قبل مانچسٹر کے اولڈ ٹریفورڈ گراﺅنڈ میں قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا ،بھارت کی جانب سے روہت شرما اور کے ایل راہول نے اننگز کا آغاز کیا۔دونوں بلے بازوں نے فاسٹ باﺅلر محمد عامر کےخلاف محتاط انداز اپنایا لیکن حسن علی کے خلاف جارحانہ کھیل پیش کیا اور پہلی وکٹ کی شراکت میں 131 رنز بنائے، روہت شرما نے 34 گیندوں پر اپنی نصف سنچری بھی مکمل کی،راہول 57 رنز بنا کر وہاب ریاض کی بال پر کیچ آﺅٹ ہوئے۔

(جاری ہے)

ٹاس جیتنے کے بعد سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ پچ پر نمی دکھائی دے رہی ہے اس لیے پہلے بولنگ کرنا مفید ثابت ہوسکتا ہے۔کروڑوں شائقین ٹی وی سکرین کے سامنے اس میچ کے منتظر ہیں اور وہیں ہزاروں اولڈ ٹریفورڈ گراﺅنڈ کے اندر اور باہر موجود ہیں۔بھارت کے خلاف قومی ٹیم میں دو تبدیلیاں کی گئی ہیں، شاہین شاہ آفریدی اور آصف علی کی جگہ سپنر شاداب خان اور عماد وسیم کی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے۔

قومی ٹیم امام الحق، فخر زمان، بابر اعظم، محمد حفیظ، کپتان سرفراز احمد، شعیب ملک، شاداب خان، عماد وسیم، محمد عامر، وہاب ریاض اور حسن علی پر مشتمل ہے۔ہر چار سال بعد آنےوالے کرکٹ ورلڈ کپ کی جنگ میں اب تک جیت صرف بھارت کی ہوئی ہے، یہ دونوں ٹیمیں اب تک 6 بار آمنے سامنے آئی ہیں اور ہر بار پاکستان کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔خیال رہے کہ انگلینڈ میں جاری ورلڈکپ میں پاکستان نے اب تک 4 میچز کھیلے ہیں جس میں اسے 2 میچوں میں شکست کا سامنا کرنا پڑا جبکہ ایک میں کامیابی حاصل ہوئی اور ایک میچ بارش کی نذر ہو گیا۔پاکستان ٹیم پوائنٹس ٹیبل پر 3 پوائنٹس ساتھ 9ویں نمبر پر موجود ہے جبکہ بھارت 5 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہے۔