ورلڈ کپ، بارش کے باعث کھیل روکدیا گیا

روہت شرما کی سنچری، کوہلی کی نصف سنچری

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب اتوار 16 جون 2019 17:48

ورلڈ کپ، بارش کے باعث کھیل روکدیا گیا
مانچسٹر(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 16 جون2019ء) ورلڈکپ کے سب سے بڑے ٹاکرے کے دوران بارش کے باعث میچ روکدیا گیا ۔ مانچسٹر کے اولڈ ٹریفورڈ گراﺅنڈ میں قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا ،بھارت کی جانب سے روہت شرما اور کے ایل راہول نے اننگز کا آغاز کیا۔دونوں بلے بازوں نے فاسٹ باﺅلر محمد عامر کے خلاف محتاط انداز اپنایا لیکن حسن علی کے خلاف جارحانہ کھیل پیش کیا اور پہلی وکٹ کی شراکت میں 131 رنز بنائے،روہت شرما نے 2 چھکوں اور 6 چوکوں کی مدد سے 34 گیندوں پر اپنی نصف سنچری مکمل کی جب کہ کے ایل راہول نے 69 گیندوں پر نصف سنچری بنائی جس میں ایک چھکا اور تین چوکے بھی شامل تھے،بھارت کا سکور 136 تک پہنچا تو راہول وہاب ریاض کی گیند پر کیچ آﺅٹ ہوگئے، انہوں نے 78 گیندوں پر 57 رنز کی اننگز کھیلی،دوسری وکٹ پر روہت شرما اور کپتان ویرات کوہلی نے سکو ر آگے بڑھانا شروع کیا ، روہت شرما 85 گیندوں پر 3 چھکوں اور 9 چوکوں کی مدد سے اپنے کیرئیر کی 24ویں سنچری بنانے میں کامیاب رہے،بھارت کا مجموعی سکور 234 تک پہنچا تو روہت شرما 140 رنز بنا کر حسن علی کا شکار بنے۔

(جاری ہے)

ہارک پانڈیا26رنز بنا کر محمد عامر کا شکار بنے ،ایم ایس دھونی بڑی اننگز نہ کھیل سکے اور صرف 1رن بنا کر عامر کی دوسری و کٹ بنے ،ٹاس جیتنے کے بعد سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ پچ پر نمی دکھائی دے رہی ہے اس لیے پہلے بولنگ کرنا مفید ثابت ہوسکتا ہے۔کروڑوں شائقین ٹی وی سکرین کے سامنے اس میچ کے منتظر ہیں اور وہیں ہزاروں اولڈ ٹریفورڈ گراﺅنڈ کے اندر اور باہر موجود ہیں۔

بھارت کے خلاف قومی ٹیم میں دو تبدیلیاں کی گئی ہیں، شاہین شاہ آفریدی اور آصف علی کی جگہ سپنر شاداب خان اور عماد وسیم کی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے۔قومی ٹیم امام الحق، فخر زمان، بابر اعظم، محمد حفیظ، کپتان سرفراز احمد، شعیب ملک، شاداب خان، عماد وسیم، محمد عامر، وہاب ریاض اور حسن علی پر مشتمل ہے۔ہر چار سال بعد آنےوالے کرکٹ ورلڈ کپ کی جنگ میں اب تک جیت صرف بھارت کی ہوئی ہے، یہ دونوں ٹیمیں اب تک 6 بار آمنے سامنے آئی ہیں اور ہر بار پاکستان کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

برطانیہ کے محکمہ موسمیات نے شائقین کرکٹ کو پریشان کر رکھا ہے، محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق آج بارش کا خدشہ ہے، ہفتے کو بھی بارش کی وجہ سے پاکستان کرکٹ ٹیم کا ٹریننگ سیشن متاثر ہوا اور ٹیمیں انڈور نیٹ پریکٹس تک محدود رہیں۔برطانوی محکمہ موسمیات کے مطابق اتوار کو دن12 بجے بارش کے 50فیصد امکانات ہیں جو ایک بجے کے لگ بھگ بڑھ کر ستر فیصد جبکہ دو بجے سے پانچ بجے تک 60 فیصد ہیں ،چھ بجے بارش کے80 فیصد امکانات ہیں۔

ورلڈ کپ میں خراب موسم اور بارش کی وجہ سے اب تک چار میچز بغیر کسی نتیجہ کے ختم ہوچکے ہیں جسکی وجہ سے شائقین کرکٹ کو مایوسی اور آئی سی سی کو تنقید کا سامنا ہے کہ اس نے میچز کا ریزرو ڈے کیوں نہیں رکھا۔خیال رہے کہ انگلینڈ میں جاری ورلڈکپ میں پاکستان نے اب تک 4 میچز کھیلے ہیں جس میں اسے 2 میچوں میں شکست کا سامنا کرنا پڑا جبکہ ایک میں کامیابی حاصل ہوئی اور ایک میچ بارش کی نذر ہو گیا۔پاکستان ٹیم پوائنٹس ٹیبل پر 3 پوائنٹس ساتھ 9ویں نمبر پر موجود ہے جبکہ بھارت 5 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہے۔