۹ الیکٹرک کے آئندہ بلوں کی ادائیگی ، بجلی کے استعمال میں کفایت کے اقدامات پر مکمل عملدرآمد کرنے کا فیصلہ

اتوار 16 جون 2019 19:15

jکراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 جون2019ء) بلدیہ عظمیٰ کراچی میں غیر ترقیاتی اخراجات میں کمی لانے کی میئرکراچی وسیم اختر کی پالیسی کے تحت اپریل 2019 ئ سے کے الیکٹرک کے آئندہ بلوں کی ادائیگی کے لئے بجلی کے استعمال میں کفایت کے لئے کئے گئے اقدامات پر مکمل عملدرآمد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اس سلسلے میں میٹروپولیٹن کمشنر ڈاکٹر سید سیف الرحمن نے تمام محکمہ جاتی سربراہان کوہدایت جاری کی ہے کہ بجلی کے استعمال میں بچت کے لئے کئے جانے والے اقدامات پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں، کے ایم سی کے دفاتر میں تمام ایئر کنڈیشنز صبح گیارہ بجے کے بعد کھولے جائیں گے اور 26 ڈگری سینٹی گریڈ سے کم پر نہیں چلیں گے، دفاتر سے رخصت ہوتے وقت تمام لائٹس اور پنکھے بند کرکے جائیں گے، تمام محکمہ جاتی سربراہان کو ہدایت کی گئی ہے کہ ایئر کنڈیشنرز صرف گریڈ 18 اور اس سے زائد کے افسران کے زیر استعمال رہیں گے اور مستقبل میں روایتی لائٹس کو ایل ای ڈی لائٹس سے تبدیل کیا جائے گا، تمام محکموں کے سربراہان کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ کے ایم سی کے دفاتر اور دیگر جگہوں پر غیر قانونی کنڈوں اور کنکشن کے خلاف اقدام کریں، کے ایم سی کے بنگلوں اور رہائشی اپارٹمنٹس میں مقیم تمام افسران اور دیگر اہلکار آئندہ اپنے بجلی کے بل کی ادائیگی کے خود ذمہ دار ہوں گے، تمام محکمہ جاتی سربراہان کو ہدایت جاری کردی گئی ہے کہ وہ اپنے بجلی کے بلوں کی ادائیگی یقینی بنائیں بصورت دیگر ان کے کنکشن منقطع کردیئے جائیں گے، میٹروپولیٹن کمشنر ڈاکٹر سید سیف الرحمن نے افسران کو ہدایت کی ہے کہ اس کے علاوہ بھی ایسے اقدامات کئے جائیں جن سے بجلی کے استعمال میں بچت ہوسکے اور بجلی کے غیر ضروری استعمال سے محفوظ رہتے ہوئے وسائل کو ضائع ہونے سے بچایا جاسکے۔