ٴْ کراچی میں پانی اور بجلی کے بحران کی ذمیدار سندھ اور وفاقی حکومتیں ہیں،طارق چاندی والا

اتوار 16 جون 2019 20:30

Hکراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 جون2019ء) پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی کے نائب صدر طارق چاندی والا نے کہا ہے کہ کراچی میں پانی اور بجلی کے بحران کی ذمیدار سندھ اور وفاقی حکومتیں ہیں۔ شہر کے عوام پانی کی بوند بوند کو ترس رہے ہیں ، بجلی کے تعطل کا شکار ہیں ۔ واٹر بورڈ کے حکام اور بجلی کے محکمے کے افسران عوام کی اذیت اور تکالیف کو نظر انداز کر کے بھاری تنخواہیں لے کر مزے کر رہے ہیں۔

دھابیجی سے شہر کو پانی فراہم کرنے والی مین لائن پھٹ گئی، چوبیس گھنٹے گزرنے کے باوجود واٹر بورڈ حکام کو ہوش نہیں آیا ۔ کراچی کی بیشتر مساجد میں وضو کے لئے پانی نہیں ہوتا اور جو پانی فراہم کیا جانا ہوتا ہے وہ لائنز پھٹنے سے ضائع ہو جاتا ہے ۔ ایک طرف گرمی میں شہریوں کو پانی نہیں مل رہا تو دوسری طرف کے الیکٹرک لوڈ شیڈنگ کے زریعے کراچی کے عوام کو دوہرے عذاب میں مبتلا کئے ہوئے ہے۔

(جاری ہے)

شدید گرمی میں 12,12 گھنٹے تک بجلی بند کی جا رہی ہے اور کوئی پوچھنے ولا نہیں۔ سندھ سرکار کے الیکٹرک اور واٹر بورڈ کے خلاف کوئی کاروائی کیوں نہیں کرتی جبکہ وفاقی حکومت بھی اسے صوبے کا مسئلہ قرار دے کر جان چھڑا لیتی ہے۔ کراچی کو میگا سٹی کا آئینی حق دیا جائے تا کہ بجلی و پانی اور دیگر بنیادی سہولتیں عوام کو بلا تعطل مل سکیں ۔