پاکستان کےخلاف میچ کے دوران بھارت کا اہم ترین باﺅلر زخمی ہوگیا

بھونیشور کمار پٹھوں میں کھچاﺅ کے باعث باہر چلے گئے،میچ میں مزید حصہ نہیں لیں گے

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب اتوار 16 جون 2019 20:54

پاکستان کےخلاف میچ کے دوران بھارت کا اہم ترین باﺅلر زخمی ہوگیا
مانچسٹر(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 16 جون2019ء) پاکستان اور بھارت کے میچ کے دوران انڈین ٹیم کے اٹیک باﺅلر بھونیشور کمار ہیمسٹرنگ انجری کا شکار ہو کر گراﺅنڈ سے باہر چلے گئے۔بھارت کی جانب سے پاکستان کے خلاف اٹیک اوور کرانے والے بھونیشور کمار اپنا تیسرا اوور کراتے ہوئے ہیمسٹرنگ انجری کا شکار ہوئے۔ انہوں نے میچ کے پانچویں اوور کی چوتھی گیند کرائی تو ان کا پاﺅں صحیح طرح سے لینڈ نہیں ہوا جس کے باعث ان کے پٹھوں میں کھچاﺅ پیدا ہوگیا۔

کپتان ویرات کوہلی نے باہمی مشاورت کے بعد بھونیشور کمار کو گراﺅنڈ سے باہر بھیج دیا۔ اٹیک باﺅلر کے اوور کی بچی ہوئی 2 گیندیں کرانے کیلئے وجے شنکر کا انتخاب کیا گیا جنہوں نے پہلی ہی گیند پر اوپنر امام الحق کو ایل بی ڈبلیو کرکے پویلین واپس بھیج دیا۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ مانچسٹر کے اولڈ ٹریفورڈ گراﺅنڈ میں قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا ،بھارت کی جانب سے روہت شرما اور کے ایل راہول نے اننگز کا آغاز کیا۔

دونوں بلے بازوں نے فاسٹ باﺅلر محمد عامر کےخلاف محتاط انداز اپنایا لیکن حسن علی کے خلاف جارحانہ کھیل پیش کیا اور پہلی وکٹ کی شراکت میں 131 رنز بنائے،روہت شرما نے 2 چھکوں اور 6 چوکوں کی مدد سے 34 گیندوں پر اپنی نصف سنچری مکمل کی جب کہ کے ایل راہول نے 69 گیندوں پر نصف سنچری بنائی جس میں ایک چھکا اور تین چوکے بھی شامل تھے،بھارت کا سکور 136 تک پہنچا تو راہول وہاب ریاض کی گیند پر کیچ آﺅٹ ہوگئے، انہوں نے 78 گیندوں پر 57 رنز کی اننگز کھیلی،دوسری وکٹ پر روہت شرما اور کپتان ویرات کوہلی نے سکو ر آگے بڑھانا شروع کیا ، دوسری وکٹ پر روہت شرما اور کپتان ویرات کوہلی نے 98 رنز کی پارٹنرشپ بنائی اور شرما 85 گیندوں پر 3 چھکوں اور 9 چوکوں کی مدد سے اپنے کیرئیر کی 24ویں سنچری بنانے میں کامیاب رہے،بھارت کا مجموعی سکور 234 تک پہنچا تو روہت شرما 140 رنز بنا کر حسن علی کا شکار بنے۔

ہارک پانڈیا26رنز بنا کر محمد عامر کا شکار بنے ،ایم ایس دھونی بڑی اننگز نہ کھیل سکے اور صرف 1رن بنا کر عامر کی دوسری و کٹ بنے ،میچ میں46 اعشاریہ 4 اوورز میں بھارت نے 4 وکٹ پر 305رنز بنائے تھے کہ بارش ہوگئی،تھوڑے وقفے کے بعد میچ دوبارہ شروع ہوا۔48 ویں اوورز میں کپتان ویرات کوہلی 77رنز بناکر محمد عامر کا تیسرا شکار بن گئے،انہوں نے میچ میں7 چوکے لگائے۔پاکستان کی طرف سے محمد عامر نے 10اوورز میں 47رنز کے عوض 3،وہاب ریاض نے 10اوور میں 71رنز دے کر ایک اور حسن علی نے 9اوورز میں 84رنز دیے اور ایک وکٹ اپنے نام کی۔